سعودی عرب میں پہلا روزہ کب ہو گا؟ سعودی سپریم کورٹ نے اعلامیہ جاری کر دیا

ریاض (پی این آئی)سعودی عرب میں رمضان المبارک کے آغاز کا اعلامیہ جاری، سعودی سپریم کورٹ کے مطابق مملکت میں ماہ مقدس کا چاند نظر آگیا، کل بروز جمعہ 24 اپریل کو پہلا روزہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں جمعرات

کے روز رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا۔چاند نظر آنے کی شہادتوں کا بغور جائزہ لیا گیا اور ان کی تصدیق بھی کی گئی۔ اس لیے مملکت میں رمضان المبارک کا آغاز کل سے ہوگا۔ کل بروز جمعہ 24 اپریل کو پورے سعودی عرب میں پہلا روزہ ہوگا۔ جبکہ دوسری جانب سے متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ چکا ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہ مقدس کا چاند جمعرات کی دوپہر کو راس الخیمہ کے علاقے میں دیکھا گیا۔چاند کی شہادت کے حوالے سے متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے آغاز کا باقاعدہ اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ مصر، تیونس، لبنان، ملائیشیا، انڈونیشیا، سنگاپور اور آسٹریلیا کے حکام نے بھی اعلان کیا ہے کہ ان ممالک میں ماہ مقدس کا چاند نظر آگیا، یکم رمضان المبارک کا آغاز 24 اپریل کل بروز جمعہ کو ہوگا۔بین الاقوامی مرکز فلکیات نےپہلے ہی بتا دیا تھا کہ دنیا کے بیشتر اسلامی ممالک میں رمضان المبارک 24 اپریل سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث امکان ہے کہ اس مرتبہ دنیا کے بیشتر اسلامی ممالک میں نماز تراویح کے اجتماعات کا انعقاد شاید ممکن نہ ہو پائے۔ اس وقت متحدہ عرب امارات سمیت تمام خلیجی ممالک میں مساجد میں نمازوں کے اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔ جبکہ موجودہ صورتحال میں مسلمانوں کے 2 مقدس ترین مقامات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی اس وقت کرفیو نافذ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں