ن لیگ کیلئے احتساب عدالت سے بڑی خوشخبری آگئی ، اہم ترین کیس میں باعزت طور پر بری کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی ) احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی کیس میں نامزد لیگی رہنما حافظ نعمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا ہے اور قرار دیا ہے کہ لاہور پارکنگ کمپنی کا کیس نیب کے دائر اختیار میں نہیں آتا ہے ۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے لیگی رہنما حافظ نعمان،

سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر تاثیر احمد اور عثمان قیوم کو بری کر دیا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا، قانون کی روشنی میں تینوں ملزمان کا ٹرائل کرنے کا اختیار نیب کورٹ کے پاس نہیں ہے۔عدالت نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت لاہور پارکنگ کمپنی کا کیس سننے کا کوئی جواز نہیں بنتا، تینوں ملزمان کو عدالت بری کرنے کا حکم دیتی ہے۔ نیب ریفرنس میں تینوں ملزمان پر 8 کروڑ روپے خرد برد کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ حافظ نعمان کو نیب حکام نے 28 نومبر 2018 کو گرفتار کیا تھا جبکہ حافظ نعمان کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری ستمبر 2019 میں منظور کی تھی۔حافظ نعمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، بے قصور تھا جو آج عدالت سے ثابت ہوگیا، ساتھ دینے والے دوستوں کا بھی مشکور ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں