اسلام آباد (پی این آئی) سعودی عرب نے انٹری اور ایگزٹ ویزے کی مدت بڑھانے اور 3 ماہ تک کمپنیوں کو پاکستانی محنت کشوں کی برطرفی سے روکنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اہم رابطے ہوئے ہیں، وزیراعظم کے
معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سیّد ذوالفقار بخاری نے سعودی وزیر برائے افرادی قوت عبداللہ بن نصیر سے ویڈیو لنک پر اہم رابطہ کیا ہے جس میں سعودی وزیر نے یقین دلایا ہے کہ دسمبر تک پاکستانی مزدوروں کے ویزوں کی توسیع بالکل مفت ہو گی۔اس دوران پاکستانی مزدور اور لیبر کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ممکنہ حل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔وزارت اوورسیز کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق ویڈیو لنک گفتگو میں زلفی بخاری نے کہا کہ مشکل گھڑی میں ہم وطنوں کی ہر قسم کی ضروریات پوری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ سعودی حکام پاکستانی مزدوروں سے تعاون بڑھائیں، پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے خصوصی اقدامات بھی کئے جائیں ،اس حوالے سے سعودی عرب نے پاکستان کی درخواست پر فیصلہ کرتے ہوئے انٹری اور ایگزٹ ویزے کی مدت بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔سعودی وزیر نے یقین دلایا کہ سعودی کمپنیاں آئندہ 3 ماہ تک محنت کشوں کو ملازمت سے برطرف نہیں کریں گی، تمام ملازمین کو3 ماہ تک تنخواہ کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، اب تک برطرف ملازمین سے بھی تعاون کیا جائے گا، پاکستانی محنت کشوں کو مکمل تنخواہ اور بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔ معاون خصوصی زلفی بخاری نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر سعودی وزیر سے اظہار تشکرکیا ہے، دونوں ممالک نے مشکل وقت میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان رقم بھیجنے کیلئے ایس ٹی سی پی کی سہولت بھی مفت کرنے کا اعلان کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان فلائٹ آپریشن جلد شروع کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں