لاک ڈائون ہٹایا جائیگا یا نہیں؟ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر بڑا فیصلہ سنا دیا

لاہور (پی این آئی ) لاہور ہائیکورٹ نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کیلئے درخواست خارج کرتے ہوئے تاجروں کو جرمانہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں لاک ڈاؤن ہٹانے سے متعلق درخواست پر سماعت کی گئی۔ چیف جسٹس قاسم خان نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ کسی کو بھی عدالتی وقت ضائع

کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے انجم تاجران کے سیکریٹری نعیم میر کو 50 ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کو برقرار رکھنا یا ہٹانا حکومتی اختیار ہے۔ چیف جسٹس قاسم خان نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا وائرس کے باعث نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ جب ہزاروں لوگ زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے گے پھر تاجروں کو سمجھ آئے گی۔ گزشتہ روز بھی لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹرز کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا تھا۔تاہم آج انجمن تاجران کے سیکریٹری نعیم میر کو عدالتی وقت ضائع کرنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ کر دیا گیا ہے۔ یہ بات بھی قابل غور رہے پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9 ہزار 505 ہو گئی ہے، جبکہ 197 افراد اس خطرناک وائرس سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد سندھ میں 3 ہزار 53، خیبرپختونخوا میں 1276، بلوچستان میں 465، اور پنجاب میں سب سے زیادہ 4195 تک جا پہنچی ہے۔امریکی میڈیارپورٹس کے مطابق کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 16 لاکھ 64 ہزار 7 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 57 ہزار 165 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 6 لاکھ 46 ہزار 862 مریض اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس بیماری سے نجات پا کر اسپتالوں سے اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔امریکا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی دنیا بھر کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کورونا وائرس سے مجموعی ہلاکتیں 42 ہزار 514 ہو گئیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 92 ہزار 759 ہو گئی ہے۔امریکا کے اسپتالوں میں 6 لاکھ 77 ہزار 856 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 13 ہزار 951 کی حالت تشویش ناک ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں