اسلام آباد (پی این آئی ) وزیراعظم عمران خان سے حال ہی میں ملاقات کرنے والے ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم کا بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔نجی نیوز چینل کے مطابق وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہم نے
وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ وہ بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرائیں کیوں کہ انہوں نے چند روز قبل فیصل ایدھی سے ملاقات کی تھی۔انہوںنے بتایا کہ بطور ذمہ دار شہری وزیراعظم عمران خان نے اپنا کورونا ٹیسٹ کرانے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے اور جلد ان کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایسے افراد کی فہرست تیار کی جارہی ہے جن سے انہوں نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ہے۔ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ فیصل ایدھی ایک ہفتہ قبل کراچی سے لاہور گئے تھے اور 5 دن قبل انہوں نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی، ان کا 2 روز قبل کورونا کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی آج رپورٹ آئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں