52فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت، کورونا وائرس سے بچاؤ کے سامان کی تیاری کریں گی، مزدوروں کیلئے اچھی خبر

کراچی(پی این آئی): محکمہ داخلہ سندھ نے طے کردہ ضابطہ کار پر عمل درآمد کرنے والی 52 فیکٹریوں کو پیدواری عمل شروع کرنے کی اجازت دے دی۔ملک میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن جاری ہے جس میں نرمی کرتے ہوئے کچھ صنعتوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔محکمہ داخلہ سندھ نے بھی طے

کردہ ضابطہ کار پر عمل کرنے والی 52 فیکٹریوں کو کام کی اجازت دے دی ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 52 کمپنیوں نے کورونا وائرس سے متعلق سندھ حکومت کے طے کردہ ضابطہ کار پر عمل کیا ہے۔اجازت ملنے والے صنتعی اداروں کا تعلق سائٹ، لانڈھی، کورنگی، ملیر اور بن قاسم صنعتی زون سے ہے۔کراچی فش ہاربر اتھارٹی پر کام کی مشروط اجازت،دوسری جانب محکمہ لائیو اسٹاک اور فشریز نے کراچی فش ہاربر اتھارٹی پر کام کی مشروط اجازت دے دی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام فشرمین طے کردہ ضابطہ کار کے تحت کام کریں گے اور انتظامیہ مزدوروں کو ماسک، گلوز اور سینیٹائزر فراہم کرنے کی پابند ہوگی۔محکمہ فشریز نے بتایا کہ مزدوروں کو حفاظتی آلات فراہم نہ کرنے والوں کے خلاف وبائی ایکٹ تحت کارروائی ہوگی۔محکمہ فشریز نے ہدایات دیں کہ فش ہاربر پر سماجی دوری اور اضافی لوگوں کا رش نہیں لگایا جائے گا اور مچھلی کی خرید و فروخت پر بھی رش نہیں لگایا جائے گا۔محکمہ فشریز کے مطابق کشتی میں 5 سے زیادہ مزدوروں کی اجازت نہیں ہوگی۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک ملک میں 167 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 8 ہزار سے زائد ہے۔وفاقی حکومت نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے تاہم کچھ صنعتوں کو حفاظتی اقدامات کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close