سندھ حکومت نے ٹائیگر فورس کو جھنڈی کرا دی، راشن تقسیم نظام میں شامل کرنے سے انکار

کراچی(پی این آئی)صوبہ سندھ کے وزیر برائے توانائی امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ صوبے میں ریلیف آپریشن کو قطعی طور پر غیر سیاسی رکھا گیا ہے لہٰذا کسی بھی سیاسی جماعت کی فورس یا ورکر کو ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا۔اپنے بیان میں صوبائی وزیرامتیاز شیخ نے ‘وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگر فورس’کو

سندھ میں راشن کی تقسیم میں شامل کرنے کے فیصلے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کو اس قسم کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئیں۔امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس سیاسی ورکروں پر مشتمل ہے اور پیپلز پارٹی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کا ورکر سندھ حکومت کے ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ معلوم نہیں چیف سیکرٹری نے کیسے حکم نامہ جاری کیا، سندھ میں ریلیف آپریشن کو قطعی طور پر غیر سیاسی رکھا گیا ہے۔خیال رہے کہ چیف سیکرٹری سندھ نے کورونا ریلیف سرگرمیوں میں ٹائیگرفورس کو شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جب کہ محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو ٹائیگر فورس کو ریلیف سرگرمیوں میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نےفیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سندھ حکومت کی جانب سے ایسے ہی فیصلے کی توقع تھی۔دوسری جانب سندھ میں ریلیف سرگرمیوں میں ٹائیگر فورس کو شامل کرنے کا معاملے پر انتظامی افسران بھی تذبذب کا شکار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close