اسلام آباد (پی این آئی)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی طرف سے چینی بحران کے حوالے سے تیار کی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ خوراک میں سیاسی بنیادوں پر تبدیلیوں کا اعتراف کرلیا ہے۔نجی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصارعباسی نے اپنی
رپورٹ انکشاف کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے اعتراف کیا کہ انہوں نے سیاسی ترجیحات پر محکمہ خوراک میں تبادلے کیے، تبادلوں اور تعیناتیوں کیلئے سیاسی شخصیات نے ان سے رابطے کیے، کچھ سیاسی تقرریوں کی گنجائش بھی نکالی گئی اور فیصلوں سے قبل اسپیشل برانچ سے بھی رائے لی گئی۔یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بزدار حکومت نے اپریل سے نومبر 2019 تک محکمہ خوراک میں 4 سیکرٹریوں کے تبادلے کیے۔ایف آئی اے رپورٹ کے مطابق چاروں سیکرٹریوں کی تعیناتیوں کیلئے سمریاں تیار کی گئیں نہ تبدیلی کی وجوہات بتائی گئیں، نسیم صادق کو چھوڑ کر ان سیکرٹریوں نے محکمے میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنڑولرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کے بڑے پیمانے پر تقرریاں اور تبادلے کیے۔رپورٹ کے مطابق سیکرٹری ظفر نصر اللہ نے تبادلوں کی انتظامی وجوہات بھی بتائیں تاہم ساتھ یہ بھی اعتراف کیا کہ تعیناتی کیلئے سمریاں وزیراعلیٰ دفتر کے زبانی احکامات پر تیار کی گئیں۔رپورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے کہا گیا ہے کہ نئی حکومت آئی تو تبادلوں اور تعیناتیوں کے حوالے سے انتطامیہ پر شدید دباؤ تھا جس پر قابو پانے کیلئے وزیراعلیٰ کے دفتر کو مداخلت کرنا پڑی اور یہ حکم جاری کیا گیا کہ تمام تبادلے اور تعیناتیاں وزیراعلیٰ دفتر کی منظوری سے ہوں گی۔خیال رہے کہ چند روز قبل یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو چینی کی برآمد پر سبسڈی دینے کی اتنی جلدی تھی کہ انہوں نے کابینہ سے منظوری بعد میں لی سبسڈی پہلے دے دی، وزراء کو تجویز بھی پڑھنے نہیں دی گئی اور بعد میں براہِ راست پرانی تاریخوں میں قانونی ضابطوں کی منظوری دے دی گئی۔چینی کی برآمد پر 3 ارب روپے کی سبسڈی دینے میں جلد بازی کی گئی۔ کابینہ کی جانب سے سبسڈی کی منظوری دیے جانے کے تین دن بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے یکم جنوری 2019ء کو پرانی تاریخوں میں ’’کابینہ کے جائزے کیلئے ایک کیس‘‘ کی منظوری دی۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں آٹا اور چینی بحران کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم نے ایکشن لیتے ہوئے جہانگیر ترین سے زراعت کے شعبے میں بہتری کا عہدہ واپس لے لیا تھا جب کہ خسرو بختیار کی اور حماد اظہر کی وزارتیں تبدیل اور رزاق داؤد سے 2 عہدے لے لیے تھے۔وفاقی وزیر حماد اظہر کو وزارت صنعت کا قلمدان دیا گیا تھا جب کہ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور سینیٹر اعظم سواتی کو نارکوٹکس کنٹرول کا قلمدان دیا گیا تھا۔اعظم سواتی کو انسداد منشیات کا قلمدان دینے کے لیے شہریار آفریدی سے نارکوٹکس کنٹرول کا اضافی قلمدان واپس لے لیا گیا تھا تاہم انہیں دوبارہ نارکوٹکس کا اضافی چارج واپس دے دیا گیا۔تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں چینی بحران کاسب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی آٹا بحران کی اہم وجہ رہی۔رپورٹ کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ 25 اپریل کو فرانزک رپورٹ ملنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
پاکستان نیوز انٹرنیشنل (پی این آئی) قابل اعتبار خبروں کا بین الاقوامی ادارہ ہے جو 23 مارچ 2018 کو قائم کیا گیا، تھوڑے عرصے میں پی این آئی نے دنیا بھر میں اردو پڑہنے، لکھنے اور بولنے والے قارئین میں اپنی جگہ بنا لی، پی این آئی کا انتظام اردو صحافت کے سینئر صحافیوں کے ہاتھ میں ہے، ان کے ساتھ ایک پروفیشنل اور محنتی ٹیم ہے جو 24 گھنٹے آپ کو باخبر رکھنے کے لیے متحرک رہتی ہے، پی این آئی کا موٹو درست، بروقت اور جامع خبر ہے، پی این آئی کے قارئین کے لیے خبریں، تصاویر اور ویڈیوز انتہائی احتیاط کے ساتھ منتخب کی جاتی ہیں، خبروں کے متن میں ایسے الفاظ کے استعمال سے اجتناب برتا جاتا ہے جو نا مناسب ہوں اور جو آپ کی طبیعت پر گراں گذریں، پی این آئی کا مقصد آپ تک ہر واقعہ کی خبر پہنچانا، اس کے پیش منظر اور پس منظر سے بر وقت آگاہ کرنا اور پھر اس کے فالو اپ پر نظر رکھنا ہے تا کہ آپ کو حالات حاضرہ سے صرف آگاہی نہیں بلکہ مکمل آگاہی حاصل ہو، آپ بھی پی این آئی کا دست و بازو بنیں، اس کا پیج لائیک کریں، اس کی خبریں، تصویریں اپنے دوستوں اور رشتہ داروں میں شیئر کریں، اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو، ایڈیٹر
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں