تاجر برادری کا اچانک یوٹرن ، آج دکانیں کھولنے کا فیصلہ موخر کر دیا، وجہ کیا نکلی؟

کراچی(پی این آئی) کراچی کے تاجروں نے بدھ کو دکانیں کھولنے کا فیصلہ موخر کر دیا، کمشنر کراچی کے دفتر میں تاجر رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی جس میں ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی ساؤتھ اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے۔ کمشنر کراچی کی درخواست پر تاجر رہنماؤں نے بدھ کو دکانیں کھولنے کا فیصلہ دو روز کے

لیے موخر کر دیا ہے۔ ملاقات میں کمشنر کراچی نے تاجر برداری کے رہنماؤں سے درخواست کی کہ دکانیں کھولنے کا فیصلہ دو روز کے لیے موخر کر دیا جائے، وہ تاجر برادری کے تحفظات سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو آگاہ کریں گے۔کمشنر کراچی نے مزید کہا کہ دو روز میں دکانیں کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز بنا لی جائیں گی۔ اس موقع پر صدر کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان نے کہا کہ کمشنر کراچی کے کہنے پر مزید دو روز انتظار کریں گے۔دو روز کے بعد کراچی کے تاجر لائحہ عمل طے کریں گے، فی الحال بدھ کو دکانیں کھولنے کا فیصلہ موخر کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ آج صبح سندھ بھر کے تاجروں نے لاک ڈاؤن توڑتے ہوئے 15اپریل سے کاروبار کھولنے کا اعلان کر دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت لاک ڈاؤن میں توسیع کرنا چاہتی ہے تو مکمل کرفیو نافذ کرے اور ہمارا کوئی بندوبست بھی کرے۔کراچی میں آل کراچی تاجر اتحاد اور سندھ تاجر اتحاد کے رہنماوؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 15 اپریل سے کاروبار کھولنے کا اعلان کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ ہم اپنے مال کھا نہیں سکتے اور کسی دوسرے تاجر سے بھی رقم نہیں مانگ سکتے کیونکہ ان کی بھی یہی حالت ہے لہٰذا اگر ہمارے ساتھ زبردستی کی گئی تو ہم سب گرفتاریاں دینے کو تیار ہیں. تاہم اب کمشنر کراچی کی درخواست پر دکانیں کھولنے کا فیصلہ دو دن کیلئے موخر کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close