وزیراعظم عمران خان کی ثالثی کامیاب۔۔ علیم خان کیساتھ صلح ہو گئی ، کابینہ میں واپسی کا امکان

لاہور(پی این آئی)وزیر اعظم عمران خان کی ثالثی کے نتیجے میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے درمیان صلح ہو گئی ،علیم خان کو دوبارہ صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ،تحریک انصاف کے مرکزی رہنما آئندہ چند روز میں بحیثیت سینئر وزیر دوبارہ

پنجاب کابینہ کا حصہ بن جائیں گے۔نجی ٹی وی چینل کےمطابق وزیر اعظم عمران خان کی ثالثی کےنتیجےمیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزداراور پاکستان تحریک انصاف کےرہنما عبدالعلیم خان کے درمیان صلح ہو گئی ہے جس کے بعد انہیں ایک بار پھر پنجاب کابینہ میں شامل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے ،عبدالعلیم خان کو بطور سینئر وزیر پنجاب کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا،عبدالعلیم خان 14ماہ بعد پنجاب کابینہ کا حصہ بنیٰں گے ،عبدالعلیم خان کا بطور سینئر وزیر دفتر ایوان وزیر اعلیٰ 90 شاہراہ لاہور میں ہو گا،عبدالعلیم خان کو وزارت بلدیات ،منصوبہ بندی اور خوراک کا قلمدان سونپا جائے گا۔یاد رہے کہ آج ہی عبدالعلیم خان نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مجموعی سیاسی صورتحال ،خصوصاً پنجاب اور وفاقی حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کو اسی تناظر میں انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کو آف شور کمپنی کیس میں نیب نے 6 فروری کو تحقیقات کے لیے گرفتار کیا۔ گرفتاری کے فوراً بعد ہی عبدالعلیم خان نے وزات کے استعفیٰ دے دیا ۔البتہ پروڈکشن آرڈرز پر وہ باقاعدگی سے پنجاب اسمبلی اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں شرکت کرتے رہے۔ یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے گذشتہ سال 15 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کی ضمانت منظور کی تھی جسکے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو 17 مئی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا تھا۔نیب حراست سے رہائی پانے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبد العلیم خان نے مرکز میں عہدہ دینے کی درخواست دی تھی جسے وزیراعظم عمران خان نے مسترد کر دیا تھا، عبد العلیم خان کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے شکایات بھی تھیں جس کا انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے بھی تذکرہ کیا تھا جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی ثالثی کےنتیجےمیں دونوں رہنماؤں میں صلح ہو گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close