تحریک انصاف حکومت ایکشن میں آگئ، شوگر مافیا کے کارخانے بحق سرکار ضبط کرنے کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) چیف آرگنائزر تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی کا کہنا ہے کہ شوگر مافیا کو علم ہونا چاہئیے کہ انکے کارخانے بحق سرکار ضبط کئے جاسکتے ہیں، وقت آگیا ہے کہ مسابقتی کمیشن کی جانب سے ہر کارخانے اور مالک پر پیداواری حد مقرر کرکے اس شوگر مافیا کی کمر توڑی جائے۔ تفصیلات کے مطابق

تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے وزیراعظم اور تحقیقاتی افسران کو دھمکیاں دیے جانے کے معاملے پر ردعمل دیا ہے۔سیف اللہ خان نیازی کا کہنا ہے کہ یہ بات یاد رکھی جائے کہ حکومت چاہے تو شوگر ملیں بحق سرکار ضبط کی جا سکتی ہیں۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ تحقیقات نہ روکنے کی صورت میں وزیراعظم کو چینی کی فی کلو قیمت 110 روپے کرنے کی دھمکی دینے والے شوگر مافیا کو یہ بات یاد رکھنی چاہیئے۔جبکہ اب وقت آگیا ہے کہ مسابقتی کمیشن کی جانب سے ہر کارخانے اور مالک پر پیداواری حد مقرر کرکے اس شوگر مافیا (کارٹیل) کی کمر توڑی جائے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے تحقیقاتی کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں دیئے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فردوس عاشق اعوان نے بتایا ہے کہ دھمکیاں شوگر مافیا نے دیں، جن کے خلاف انکوائری کمیشن کی تحقیقات کر رہا ہے۔اگر دوبارہ کمیشن کے ارکان کو دھمکانے کی کوشش کی گئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔وزیراعظم 25اپریل کو کمیشن کی حتمی رپورٹ کی روشنی میں آئین و قانون کے مطابق ایکشن لینے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی جماعت سے خود احتسابی کا عمل شروع کر کے بلاتفریق احتساب کی مثال قائم کی ہے، وزیر اعظم نے کا واضح پیغام ہے کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے، 25 اپریل کو کمیشن کی رپورٹ میں ذمہ داروں کا تعین ہو گا اور قانون کے مطابق ان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

close