لاک ڈائون میں مزید توسیع کیا جائیگی یا نہیں؟ سینئر ڈاکٹرز نے حکومت کو اہم مشورہ دیدیا

کراچی(پی این آئی) سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا عندیہ دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی اسپتالوں کے مالکان اور سینئیر ڈاکٹرز نے وزیراعلیٰ سندھ کو لاک ڈائون مزید بڑھانے کی تجویز دیدی ہے جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز پر مشاورت کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد

علی شاہ نے نجی ہسپتالوں کے مالکان اور سی ای اوز سے ملاقات کی ہے، اس موقع کے دوران نجی ہسپتالوں کے مالکان سے کہا کہ مجھے کورونا کے خلاف جنگ میں آپ سب کی رہنمائی اور مدد چاہئے۔نجی ہسپتالوں کے مالکان اور سینئر ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون بڑھایا نہ گیا تو کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا جس سے سندھ سمیت ملک کا صحت کیئر نظام بیٹھ جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ تجویز پر مشاورت کرینگے۔ اس کے بعد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں مزید 54 کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق کردی ، جس کے بعد مریضوں کی تعداد 986 ہوگئی جبکہ جاں بحق افرادکی تعداد 18 ہوگئی ہے۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سید مراد علی شاہ نے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہاکہ کل تک 9 ہزار585 ٹیسٹ کئے تھے جبکہ منگل کو مزید 634 ٹیسٹ کیے ہیں، کل ٹیسٹ کی تعداد 10ہزار 219 ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی مزید 54 افراد میں تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد سندھ میں کوروناوائرس سے متاثرین کی تعداد 986 ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 293 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ منگل کو مزید 16 صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد اس موذی بیماری کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 309 ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک اور ہلاکت کے ساتھ تعداد 18ہوگئی ہے جبکہ 396 مریض اپنے گھروں میں آئیسولیشن میں ہیں اور 206 کورونا کے مریض سرکاری اور نجی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close