پشاور (پی این آئی) صوبائی وزیرِ صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا کے مریضوں کی تعداد رپورٹ ہونے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہے۔ صوبائی وزیرِ صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے کیسز بہت کم رپورٹ ہورہے ہیں پاکستان میں کورونا کے
حقیقی کیسز کی تعداد رپورٹ ہونے والے کیسز سے 10 گنا زیادہ ہے۔انہوں نے یہ بات ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس سے قبل انہوں نے اظہار انصاف ڈاکٹرز فورم خیبر پختونخوا اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے وفود سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کہا تھا کہ کورونا وباء کے خلاف صحت عملہ ہر اوّل دستے کا کام کر رہا ہے۔ کورونا وائرس سے پیدا شدہ اس صورت حال میں نوجوان ڈاکٹرز کا کردار اہم ہے وہ آگے آئیں اور عوام کی خدمت کے ساتھ ساتھ اس وباء سے لڑائی میں حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں۔صوبائی وزیر نے صحت عملے کو درپیش چیلنجز کو حل کرنے کے حوالے سے ڈاکٹرز تنظیموں سے تجاویز بھی لیں۔ تیمور جھگڑا نے کورونا وباء سے مقابلے میں ڈاکٹرز کے کردار کو سراہتے ہوئے ان سے استدعا کی کہ اس وقت چھوٹے مسائل اور تحفظات کو پسِ پشت ڈال کر کورونا وباء سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت مل کر کورونا وباء کا مقابلہ کرنے کا ہے جس میں ڈاکٹرز کا کردار اہم ہے۔خیال رہے کہ بدھ کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے تازہ اعدادو شمار جاری کر دئیے جس کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 2071 ہوگئی۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ سندھ میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 676 ہوگئی، پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 740 ہوگئی، کے پی کے میں 253 بلوچستان میں 158 اور گلگت بلستان میں 184 کیسز ہوگئے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اسلام آباد میں 54 اور آزاد کشمیر میں چھ کورونا وائرس کیسزہیں ،پاکستان میں کورونا سے متاثرہ 82 مریض صحتیاب ہیں ،پاکستان میں کورونا سے اموات کی تعداد 26 ہوگئی۔ کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھرمیں کورونا وائرس کے 1963 مریض زیر علاج ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں