بھارہ کہو(پی این آئی)اسلام آباد کے دیہی علاقے بارہ کہو میں تبلیغی جماعت کے مزید پانچ افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ مزید لوگوں کے ٹیسٹ کر رہی ہے۔اسلام آباد کے ڈسٹرک ہیلتھ آفیسر ضعیم ضیا نے اردو ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہفتے
کو بارہ کہو کے علاقے کوٹھ ہتھیال کی مسجد میں کرغیزستان کے ایک شہری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تبلیغی جماعت کے باقی ارکان کو مسجد میں ہی رکھا گیا تھا جس کے بعد مزید پانچ افراد کے ٹیسٹ بھی مثبت آ گئے ہیں۔موقع پر موجود ضعیم ضیا نے بتایا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے پورے علاقے کو سیل کر دیا ہے کیونکہ تبلیغی جماعت کے لوگوں کی کئی دیگر افراد سے ملاقات ہوئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ جن دیگر پانچ افراد کے ٹیسٹ پیر کے روز مثبت آئے ہیں ان میں بھی کچھ غیر ملکی بھی شامل ہیں اور یہ تمام وہ لوگ ہیں جو پہلے شخص کے قریبی رابطے میں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت کے مزید افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا تھا کہ کرغیزستان سے تعلق رکھنے والے عبدالمومن کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔کرغیزستان کے شہری ایک تبلیغی جماعت کے ساتھ ایک مقامی بستی میں موجود تھے۔اس کے بعد پولیس نے مقامی مسجد کو سیل کر کے تبلیغی جماعت کے 11 افراد کو بھارہ کہو سے حاجی کیمپ منتقل کر دیا تھا۔اس کے علاوہ دیگر افراد کے ٹیسٹ بھی لیے گئے تھے جن میں سے پانچ افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس طرح تبلیغی جماعت کے کل چھ ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق این آئی ایچ کے تعاون سے ان افراد سے ملنے والوں کی فہرست بھی تیار کی جا رہی ہے۔ پولیس نے علاقے میں رہنے والے لوگوں کو گھروں میں نماز ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں