کورونا وائر س کی روک تھام۔۔۔ شبِ معراج کے موقع پر حکومت نے پاکستانیوں سے بڑی اپیل کر دی

لاہور(پی این آئی) وزارتِ مذہبی امور نے کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے حکومت کی ہدایات کے مطابق عوام سے شب معراج کے موقع پر انفرادی عبادات کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وباء سے اس وقت پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے اور پاکستان میں رہنے و الے ہر فرد کی سلامتی کا احساس کرنا ہم سب

کی ذمہ داری ہے۔ اس لیے حکومت کی طرف سے ہر قسم کے سیاسی و مذہبی اجتماعات پر پابندی کے پیش نظر انفرادی عبادات پر توجہ دی جائے اور اجتماعات سے اجتناب کیا جائے۔اس سے قبل متحدہ علماء بورڈ نے بھی تمام لوگوں کو انفرادی عبادت کرنے کی اپیل کی ہے۔ متحدہ علماء بورڈ اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا ضیاء الحق نقشبندی، مولانا مفتی محمد صدیق ہزاروی، علامہ عبد الحق مجاہد، پیر نقیب الرحمن، علامہ محمد حسین اکبر، مولانا فضل حیدری، مولانا عبد الکریم ندیم اور دیگر علماء و مشائخ نے کہا کہ عوام اس وباء سے نجات کیلئے استغفار، درود شریف، آیت کریمہ کا ورد کریں اور گھروں میں قرآن کریم کی تلاوت اور ذکر و اذکار کا اہتمام کیا جائے اور حکومت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے، اسلام خود کو محفوظ رکھنے اور دوسروں کو محفوظ بنانے کا حکم دیتا ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا صوبے میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان حکومت کے بعد صوبہ پنجاب میں بھی کورونا سے نمٹنے کیلئے فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا آرڈیننس 2020ء لانے کا فیصلہ کرلیا ہے، قانون بننے کے بعد حکومت کسی بھی شخص کو سرکاری ہسپتال منتقل کرسکے گی،پنجاب حکومت منگل کو اجلاس میں آرڈیننس کی منظوری دے گی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کورونا آرڈیننس 2020ء لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ آرڈیننس کی منظوری کے بعد پنجاب حکومت کسی بھی کورونا وائرس کے مشتبہ شخص کو سرکاری ہسپتال منتقل کرسکے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close