کرونا وائرس،صدر مملکت نے سیاسی جماعتوں اور میڈیا کی تعریف کرتےہوئےنوجوانوں کے نام اہم ترین پیغام جاری کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے متعلق عوامی آگاہی کیلئے سیاسی جماعتوں اور میڈیا کے مثبت کردار کی تعریف کرتےہوئےکہاہےکہ نوجوان مشکل وقت میں لوگوں کی مدد کیلئے تیارہوجائیں،گھروں تک محدودہونے پرلوگ پریشان نہ ہوں،یہ آزمائش ہمیں مزیدمضبوط

بنائے گی اور ہم بحیثیت قوم اس سے سرخرو ہو کر نکلیں گے۔کورونا وائرس سے بچاؤ اور اس بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنے ویڈیو پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کورونا وائرس سے ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر لڑنا ہے، اس مقصد کیلئے انہوں نے اپنی جانب سے اختیار کردہ احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی آگاہی دی اور کہا کہ میل جول میں احتیاط برتتے ہوئے اپنے ہاتھوں اور چہرے کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ صدر مملکت نے ویڈیو پیغام میں کورونا وائرس کے حوالہ سے بعض اہم نکات کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس ایک جنگ ہے جو میں خود بھی اور آپ سب بھی اپنے گھروں میں لڑ رہے ہیں لہٰذا میں نے سیاسی شخصیات اور میڈیا کے نمائندوں سے اپیل کی تھی کہ عوامی آگہی کیلئے ذمہ داری کے ساتھ مہم چلائیں، میں سیاستدانوں، سیاسی جماعتوں اور تمام میڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے کورونا وائرس کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے تیاری اور احتیاط کے بارے میں مثبت باتوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کورونا کے خلاف جنگ گھر گھر لڑنی ہے، یہ عام جنگ نہیں ہے، زلزلہ یا سیلاب جب کہیں آتا ہے تو لوگ وہاں جا کر اس صورتحال سے نمٹتے ہیں لیکن یہ ہر گھر کی بات ہے،چین کے تجربے کے پیش نظر یہ بات بتانا ضروری ہے کہ سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے علاوہ سماجی اداروں کی یوتھ تنظیمیں بھی اپنی تیاری شروع کردیں، نوجوان گھر گھر جاکر لوگوں کی مدد کیلئے تیار رہیں تاہم اپنی احتیاط پہلے کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں سماجی بہبود کے اداروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو عوامی خدمت کیلئے آگے آئے ہیں اور ضرورت کے تحت لوگوں کو کھانا فراہم کر رہے ہیں، مجھے اپنی قوم پر پورا یقین ہے کہ یہ اس آزمائش سے مضبوط ہو کر نکلے گی، اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم اس وقت کی ضروریات کو پورا کریں۔انہوں نے کہا کہ زکوۃ اورخیرات کے حوالے سے پاکستان کے اندر جتنا جذبہ ہے اس سے ہم لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں،اس حوالے سے اپنی زکوۃ اور خیرات ابھی سے نکالنا شروع کردیں تاکہ ضرورت کے مطابق خرچ کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز ہمارا ہراول دستہ ہیں، میں ان کی ہمت بڑھانا چاہتا ہوں اور انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ قوم آپ پر انحصار کر رہی ہے، آپ اپنی احتیاط بھی کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج جب چین کے اندر کورونا پر قابو پا لیا گیا ہے تو وہاں ڈاکٹروں کی ستائش کیلئے ان کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں ہم بھی اپنے ڈاکٹرز کی حوصلہ افزائی چاہتے ہیں۔اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے سلسلہ میں حفاظتی اقدامات کے تحت مسجد میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کی بجائے اپنے گھر میں نماز ظہر ادا کی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اﷲ تعالیٰ مجھے معاف کرے، میں نے اس حدیث کے مطابق عمل کیا ہے جس میں حضور اکرمﷺ نے فرمایا ہے کہ بیماروں کو صحت مندوں کے ساتھ نہیں ملانا چاہئے اور جبکہ مجھے معلوم نہ ہو کہ کون بیمار ہے اور کون صحت تو میں دوسروں کو اپنے انفیکشن سے بھی بچانا چاہتا ہوں۔

پاکستان نیوز انٹرنیشنل (پی این آئی) قابل اعتبار خبروں کا بین الاقوامی ادارہ ہے جو 23 مارچ 2018 کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں قائم کیا گیا، تھوڑے عرصے میں پی این آئی نے دنیا بھر میں اردو پڑہنے، لکھنے اور بولنے والے قارئین میں اپنی جگہ بنا لی، پی این آئی کا انتظام اردو صحافت کے سینئر صحافیوں کے ہاتھ میں ہے، ان کے ساتھ ایک پروفیشنل اور محنتی ٹیم ہے جو 24 گھنٹے آپ کو باخبر رکھنے کے لیے متحرک رہتی ہے، پی این آئی کا موٹو درست اور بروقت اور جامع خبر ہے، پی این آئی کے قارئین کے لیے خبریں، تصاویر اور ویڈیوز انتہائی احتیاط کے ساتھ منتخب کی جاتی ہیں، خبروں کے متن میں ایسے الفاظ کے استعمال سے اجتناب برتا جاتا ہے جو نا مناسب ہوں اور جو آپ کی طبیعت پر گراں گذریں، پی این آئی کا مقصد آپ تک ہر واقعہ کی خبر پہنچانا، اس کے پیش منظر اور پس منظر سے بر وقت آگاہ کرنا اور پھر اس کے فالو اپ پر نظر رکھنا ہے تا کہ آپ کو حالات حاضرہ سے صرف آگاہی نہیں بلکہ مکمل آگاہی حاصل ہو، آپ بھی پی این آئی کا دست و بازو بنیں، اس کا پیج لائیک کریں، اس کی خبریں، تصویریں اپنے دوستوں اور رابطہ کاروں میں شیئر کریں، اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو، ایڈیٹر

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close