ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان دوستوں کے ہمراہ 14 چنکارہ ہرن شکار کرنے کے بعد فرار

رحیم یار خان (پی این آئی) ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان علی شہزا د کے بارے میں محکمہ جنگلی حیات کے ضلعی افسر عاصم کامران نے دعویٰ کیا ہے کہ علی شہزاد اپنے 24 مہمانوں کے ہمراہ اتوار کے روز چولستان میں 14 چنکارہ ہرن شکار کرنے کے بعد فرار ہو گئے ہیں۔رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد

کی جانب سے بااثر کاروباری افراد اور 24 مہمانوں کے ساتھ مل کر چولستان میں شکار پر پابندی کی مبینہ خلاف ورزی سے تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ انگریزی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق عاصم کامران نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ان سے درخواست کی کہ وہ ہفتے کی رات اپنے مہمانوں کے ساتھ ڈیزرٹ سفاری کے بعد عشائیہ کرنا چاہتے ہیں جس پر انہوں نے شکار نہ کرنے کی شرط پر انہیں اجازت دے دی۔ ڈپٹی کمشنر نے صحرا میں عشائیے کے لیے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولپور علی عثمان بخاری سے بھی رابطہ کیا تھا۔ تاہم سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں عاصم کامران نے کہا کہ ہفتے کی رات ابتدا میں بااثر کاروباری شخص احمد شاہ ہمدانی سرکاری گاڑیوں میں کچھ مہمانوں کے ہمراہ شوریاں کے نزدیک وائلڈ لائف چیک پوسٹ پر پہنچے اس کے کچھ دیر بعد ڈپٹی کمشنر کچھ مہمانوں کے ہمراہ پہنچے۔ عاصم کامران کا کہنا تھا کہ کچھ گھنٹوں بعد ان کے ماتحت افراد نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر اور احمد شاہ ہمدانی کی تمام گاڑیاں اپنا راستہ تبدیل کرکے ٹوکن والا وائلڈ لائف چیک پوسٹ کے نزدیک خربارہ کے علاقے کی جانب جارہی ہیں جو چنکارہ ہرن کا علاقہ ہے جس کے بعد محکمہ جنگلی حیات کے عملے نے ان کا پیچھا کیا اور 11 بج کر 35 منٹ پر انہیں جا لیا اس سے پہلے وہ 12 سے 14 ہرن کا شکار کرچکے تھے۔عاصم کامران کا کہنا تھا کہ انہوں نے فوری طور پر پولیس کو کال کر کے حکام کو اس معاملے سے آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ وہ غیر قانونی شکاریوں کے خلاف فرد جرم لگائیں گے۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کے ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے کہا کہ وہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات یقینی بنانے کے لیے معمول کے دورے پر چولستان گئے تھے، انہوں نے اپنے دورے کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو آگاہ کردیا تھا اور اپنے ساتھ افسران کے لیے رات کا کھانا لے کر گئے تھے۔ انہوں نے چولستان میں غیر قانونی شکار کی تردید کی اور دعویٰ کیا کہ جب ایک گاڑی نے سنی پل پر ڈپٹی کمشنر اسکواڈ کی ایک گاڑی کو روکا تو ڈرائیور کو لگا کہ ڈاکوؤں کے گروہ نے انہیں روکا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close