کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت نے رقم کہا ں سے لینے پر غور شروع کر دیا؟وفاقی وزیر نے بڑی خبر دیدی

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نےفارن فنڈنگ پروجیکٹس کی رقم کورونا وائرس کیلئے مختص کرنے پرغور کرنا شروع کردیا، بین الاقوامی ڈونرز سے بھی کورونا وائرس کیلئے فنڈنگ طلب کی جائے گی، کوروناوائرس سے نمٹنے کیلئے تمام فنڈز اگلے ہفتے سے دستیاب ہوں گے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد

اظہر نے کہا کہ فارن فنڈنگ پروجیکٹس کی رقم کورونا وائرس کیلئے مختص کرنے پرغور کیا جا رہا ہے۔بین الاقوامی ڈونرز سے بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے فنڈنگ طلب کی جارہی ہے۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے فنڈز اگلے ہفتے سے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ وزارت صحت سے مل کر فنڈنگ کا بندوبست کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومتیں متعلقہ وزارت صحت سے رابطہ رکھیں۔مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان، چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیردفاع، خارجہ، داخلہ اور وزیر قانون سمیت متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں معاون خصوصی صحت ظفرمرزا نے کورونا وائرس سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا۔اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے ملک گیرمہم چلانے اور ملکی سرحدوں، ایئرپورٹس پر سخت انتظامات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلا س کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹویٹر پراعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت نے ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رکھے جائیں گے۔ چھٹیوں کے دوران تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل معطل رہے گا۔ تمام سکول، یونیورسٹیاں ، کالجز اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ شفقت محمود نے کہا کہ 27 مارچ کو دوبارہ اجلاس بلایا جائے گا جس میں کورونا وائر س کی صورتحال دیکھ کر تعلیمی اداروں میں مزید چھٹیوں سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔مزید برآں قومی سلامتی کمیٹی نے 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریبات منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اللہ کا کرم ہے کہ پاکستان میں کورونا وباء کنٹرول میں ہے۔ عوام پریشان نہ ہوں حکومت پل پل کی خبر رکھے ہوئے ہے۔ حکموت نے 15 روز کیلئے افغانستان اور ایران کی سرحدوں کو بھی بند کردیا ہے۔ سرحدوں کی بندش کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close