گلگت میں کورونا کے تیسرے کیس کی تصدیق، پاکستان میں تعدادکتنی ہو گئی؟

گلگت(پی این آئی) بلتستان میں کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آ گیا ہے جس کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ترجمان حکومت گلگت بلتستان نے کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شگر کے رہائشی مظہر علی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔صوبائی حکومت کے

ترجمان کے مطابق گلگت بلتستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ترجمان کا بتانا ہے کہ مریض چند دن قبل ایران سے آیا تھا اور اسکردو اسپتال میں زیر علاج ہے۔دوسری جانب وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وائرس کے تدارک کے لیے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دی گئی۔حکام کا بتانا ہے کہ کورونا وائرس کے سلسلے میں کل صبح کابینہ کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں اسکولوں کی بندش، سیاسی اور سماجی رابطوں پر جزوی پابندی کے معاملے پر بھی غور ہو گا۔اس کے علاوہ اجلاس میں طورخم بارڈر کی بندش کا معاملہ وفاق کے ساتھ اٹھانے کا بھی فیصلہ ہوا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ حالات مکمل کنٹرول میں ہیں، احتیاطی تدابیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔محمود خان کا کہنا تھا کہ عوام خوف و ہراس کا شکار ہونے کی بجائے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ کورونا وائرس کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کےمعاملے پر جلد قومی سلامتی کونسل کا اجلاس جلد بلایا جائےگا، قومی سلامتی کونسل اجلاس سے متعلق پارلیمانی پارٹی کوآگاہ کردیا گیا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close