مارچ کامہینہ بارشیں اور برفباری کا سلسلہ، اپریل میں  موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے اہم پیشنگوئی کر دی

لاہور (پی این آئی) سردی کا موسم طویل ہو جانے کا امکان، مارچ کے ماہ میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا، اپریل کے ماہ میں موسم بہتر رہنے کا امکان۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے رواں ماہ مارچ کے اختتام تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے اور اپریل کا مہینہ بہتر گزرنے کی

پیشگوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ مزید چار روز اور اگلے ہفتے میں بھی بارشوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران ہونے والی بارشوں اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں کمی آنے کی بجائے مزید اضافہ ہوا ہے۔ عمومی طور پر مارچ کے ماہ میں ملک کے بیشتر علاقوں کا موسم معتدل رہتا ہے، تاہم اس مرتبہ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث بیشتر علاقوں کا موسم اب بھی سرد ہے۔اس حوالے سے گزشتہ برس ہی پیشن گوئی کی گئی تھی کہ ملک میں رواں موسم سرما کا دورانیہ طویل ہو سکتا ہے۔تاہم موسم کی یہ صورتحال گندم کی فصل کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گندم کی فصل کیلئے مزید بارشیں نقصان دہ ثابت ہوں گی۔ موسم کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد، کشمیر سمیت خیبرپختونخوا اور پنجاب کے تمام اضلاع میں بدھ سے جمعہ تک تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔جبکہ بلوچستان میں چاغی، قلات، مستونگ، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ژوب، پشین، ہرنائی، موسی خیل، بارکھان اور سندھ میں لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد اور شکارپور میں بھی تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔ کشمیر، خیبرپختونخواہ کے بیشتر علاووں، اسلام آباد/راولپنڈی سمیت پنجاب کے کچھ علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس صورتحال کے باعث پہاڑی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں