نامور پی ٹی آئی رہنما نے کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) سہارا فار لائف ٹرسٹ کے چیئرمین ابرار الحق نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری کو نارووال میں ایک کینسر ہسپتال بنانے کے منصوبے سے آگاہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ اس منصوبے پر تقریبا ایک ارب روپے کی لاگت متوقع ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا

کہ تاجر برادری اس منصوبے کی تکمیل میں ان کے ساتھ تعاون کرے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کینسر کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے لیکن ہسپتال کم ہیں جس وجہ سے مریضوں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا انہوں نے یہ فیصلہ کیا کہ نارووال جیسے پسماندہ علاقے میں ایک جدید طرر کا کینسر ہسپتال بنایا جائے تا کہ لوگوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولت دستیا ب ہو۔انہوں نے کہا کہ کینسر کا علاج کرنے والی ایک مشین تقریبا 25لاکھ ڈالر کی ملتی ہے جبکہ ان کو ہسپتال کیلئے ایسی دو مشینوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص رقم دینے پر ہسپتال کے کمرے اور وارڈ عطیات دینے والوں کے نام کئے جائیں گے۔ صغرا شفی ہسپتال کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال اب تک چالیس لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کر چکا ہے ۔ انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ اللہ تعالیٰ نے چاہا تو وہ عوام کے تعاون سے کینسر ہسپتال کی تعمیر کو مکمل کر کے عوام کو کینسر کے موضی مرض کیلئے ایک بہتر علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے قابل ہوں گے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے کام کرنے کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر تاجروصنعتکار برادری کے تعاون سے کینسر ہسپتال کی تعمیر کیلئے ایک خطیر رقم جمع کر کے ابرار الحق کو دے گا۔انہوںنے دکھی انسانیت کیلئے نارووال میں ہسپتال ، میڈیکل کالج اور اب کینسر ہسپتال تعمیر کرنے کیلئے ابرار الحق کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری سمیت معاشرے کے تمام طبقات اس نیک مشن میں ان کا بھرپور ساتھ دیں۔ فائونڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیمبر اپنے ممبران کے تعاون سے کینسر ہسپتال کی تعمیر کیلئے ابرار الحق کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے بھی ابرار الحق کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر اس نیک مقصد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔محمد اسلم کھوکھر، خالد چوہدری، میاں عارف، طاہر ایوب، سہیل سیٹھی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کینسر ہسپتال کی تعمیر میں ابرار الحق کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں