اسلام آباد(پی این آئی) متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں پر عائد ’اماراتی سفارتخانے کی طرف سے تصدیق شدہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ‘ کی پابندی ختم کر دی۔ گلف نیوز کے مطابق اسلام آباد میں واقع اماراتی سفارتخانے کی طرف سے ایک لیٹر جاری کیا گیا تھا جس میں پاکستان سے متحدہ عرب امارات جانے والے لوگوں کے لیے اماراتی سفارتخانے سے تصدیق شدہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ اب سفارتخانے کی طرف سے یہ لیٹر واپس لے لیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے گلف نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہم نے اس فیصلے کی منسوخی سے پاکستان کی وزارت خارجہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ قبل ازیں امارات جانے والے پاکستانیوں کے لیے سفارتخانے سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ تصدیق کرانا لازمی قرار دیا گیا تھا تاہم اب یہ پابندی اٹھا لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 13مئی سے متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں پر اپنے ملک میں داخلے کی پابندی عائد کر رکھی ہے۔ فی الحال صرف سفارتکار، گولڈن ویزا ہولڈرز، اماراتی شہری اور حکام ہی پاکستان سے متحدہ عرب امارات کا سفر کرسکتے ہیں۔ ان کے علاوہ پیشگی خصوصی اجازت نامہ حاصل کرکے چارٹرڈ پروازوں پر جانے والے لوگوں کو بھی امارات میں داخل ہونے کی اجازت ہے۔عام لوگوں کے لیے پروازیں 21جولائی تک معطل رہیں گی اور اس کے بعد ان کے کھولنے یا ہنوز بند رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں