اوورسیز پاکستانی پیسے بھیجنا بند کر دیں تو ملکی معیشت نہیں چل پائے گی، وفاقی وزیر نے بڑا اعتراف کر لیا

لاہور(پی این آئی) وفاقی وزیر اسد عمر کے مطابق اگر اوورسیز پاکستانی پیسے بھیجنا بند کر دیں تو ملکی معیشت نہیں چل پائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی اسدعمر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے دہری شہریت والے اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق

دینے کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت کو چلانے کیلئے بڑا کردار ادا کرتے ہیں۔اگر بیرون ممالک مقیم پاکستانی پیسے بھیجنے چھوڑ دیں، تو ملک کی معیشت ہی نہیں چل پائے گی۔ اوورسیز پاکستانی بھی پاکستان کیلئے بہت زیادہ درد رکھتے ہیں فکر کرتے ہیں، اس لیے دہری شہریت والے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق ملنا چاہیئے، الیکشن جیتنے کی صورت میں وہ حلف اٹھانے سے قبل دہری شہریت چھوڑ سکتے ہیں۔ملک کی معیشت میں بہتری کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ معیشت میں بہتری کے واضح آثار ہیں۔گزشتہ دسمبرکے دوران ملک میں بڑے پیمانے کی صنعت کی شرح نمومیں پچھلے سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 11.4فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں مالی سال کے دوران یہ دوسرا ماہ ہے جس میں بڑے درجے کی پیداواری صنعتوں کی شرح نمو10فیصد سے زائد رہی۔ اسدعمر نے کہا کہ گزشتہ سال جولائی سے دسمبر کے دوران بڑے درجے کی صنعتوں کی پیداواری گنجائش میں اوسطاً 8 فیصد اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ اب پائیدار ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ یہاں واضح رہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زر کے باعث ہی پاکستان پر بیرونی ادائیگیوں کو بوجھ آہستہ آہستہ کم ہو رہا ہے۔ گزشتہ 2 سال کے دوران بیرون ممالک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، امکنا ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کی کل ترسیلات زر کا حجم 27 یا 28 ارب ڈالرز کی سطح سے تجاوز کر سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں