برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس، سکیورٹی ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں، لارڈ نذیر

برمنگھم (خادم حسین شاہین) برطانیہ کی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے رکن لارڈ نذیر احمد کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے برطانیہ میںعام شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، لوگ بڑی تعداد میں کورونا کا شکار ہو رہے ہیں، میڈیا سے گفتگو میں لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ یہ صورتحال قوام عالم کے لیے نئی نہیں ہے

ماضی میں بھی مختلف اوقات میں بہت سخت قسم کے وبائی امراض بنی نوع انسان کو اپنی لپیٹ میں لیتے رہے ہیں لیکن بالاآخر بہتری کا راستہ نکل ہی آتا ہے،چیچک کی وباء بھی ان میں سے ایک تھی جس میں پانچ سو ملین لوگوں کی جان چلی گئی تھی، انہوں نے کہا برطانیہ میں نیشنل ہیلتھ سروس سے وابستہ لوگ بلا شبہ اس وقت خراج تحسین کے مستحق ہیں کہ جنہوں نے مشکل وقت میں شہریوں کی خدمت کا بیڑہ اٹھایا ہے، انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ بیکری والے، دودھ والے، کریانہ والے اور سب سے بڑھ کر پولیس اہلکار جو سیکورٹی ڈیوٹی پر ہیں وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں کیونہ یہ سب لوگ اس مشکل وقت میں عوام کی خدمت کے لیے موجود ہیں،انہوںنے کہا کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ کچھ ہی دنوں میں گیارہ ہزار لوگ اس موذی وباء کا شکار ہو جائیں گے ،یہی وجہ ہے کہ ایک وقت میں لگا کہ باڈی بیگز کی قلت ہو رہی ہے اور شاید اس حوالے سے بہت مشکل ہو جائے گی، انہوں نے کہا کہ کچھ اموا ت وہ ہیں جو ہسپتالوں میں ہوئی، ان کا ریکارڈ موجود ہے اور انہی کا اعلان بھی ہوتا ہے لیکن کئی لوگ ایسے ہیں جن کی موت کورونا ہی کی وجہ سے گھر پر ہوتی ہے وہ اس گنتی میں نہیں آتے،انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا سے آنے والی خبروں کے مطابق کورونا سے ایک با رصحت یاب ہونے والے افراد دوبارہ اس میں مبتلا ہو رہے ہیں، یہ اطلاع انتہائی تشویشناک ہے جب تک کہ سائنسدان کورونا کا کوئی اطمینان بخش علاج دریافت نہی ں کر لیتے۔ انہوںنے پاکستان میں موجود برطانوی شہریوں اور پاکستانی تارکین وطم کے ساتھ قومی ائر لائن پی آئی اے کے نا مناسب رویے پر بھی بات کی اور کہا کہ معمول کی بکنگ منسوخ کر کے کئی گنا زیادہ قیمت پر نشستوں کی بکنگ بہت ہی زیادتی ہے، پاکستان کی حکومت کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہ کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے رشتہ داروں کی 81 لاشیں اسپین میں ہیں جنہیں واپس لانے کے لیے برطانوی حکومت کو غور کر نا چاہیے۔ انہوں نے آزاد کشمیر حکومت کی تعریف کی اور کہا کہ راجہ فاروق حیدر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کورونا کی وباء سے نمٹنے کے لیے موزوں حکمت عملی اختیار کی ہے جس کی وجہ سے وہاں یہ وباء بے قابو نہیں ہو سکی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close