خالق تک جانے والے راستوں میں سب سے آسان راستہ مخلوقِ خدا کی بھلائی اور خیر خواہی ہے، پیر محمد نقیب الرحمٰن

راولپنڈی (پی این آئی) دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف میں سجادہ نشین اور ممتاز روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کے اخلاق و اوصافِ حمیدہ نے انسانیت و آدمیت کو اس کے اصل مقام سے روشناس کرایا۔ خانقاہی نظام نے بند گانِ خداکو اپنی ذاتی اصلاح کرنے، دوسروں کی بجائے اپنا

محتسب بننے اور اپنے آپ کو ٹھیک کرنے کی فکر و سوچ عطا کی کیونکہ قبر میں انسان سے اپنے متعلق سوال ہو گا نہ کہ دوسروں کے متعلق اور بندوں کے دلوں پر نقش کیا کہ خالق تک جانے والے سب راستوں میں سب سے آسان راستہ مخلوقِ خدا کی بھلائی اور خیر خواہی ہے۔ ہمارے رؤف و رحیم نبی ﷺ اپنی امت کی اس قدر بھلائی چاہنے والے ہیں کہ آپ ﷺ نے ربِ رحمان سے عرض کی کہ شیطان مردود کے وار نہایت خطرناک ہیں اور یہ مخلوق کو گمراہ کر دے گا تو ربِ رحمان نے قرآنِ کریم میں ارشاد مبارک فرمایا کہ جو میرے بندے ہیں ان پرشیطان کا وار ہر گز نہ چلے گا۔ خانقاہی نظام نے حضور نبی رحمت ﷺ کی نورانی تعلیمات سے مخلوقِ خدا کا تزکیہ کیا اورسمجھایاکہ تمام رذائلِ اخلاق جن میں کینہ، بغض، عناد، منافقت و ریا کاری، عُجب و تکبر، بد گمانی، بد نیتی شیطان کے خطرناک وار ہیں اور ان سب سے بچنے کے لئے سب سے اکسیر عمل اپنی زندگی کو قرآنِ کریم اور احادیثِ مبارکہ کی تعلیمات کے تحت بسر کرنا ہے۔اگر بغور دیکھا جائے توآج ہمارا سارا معاشرہ منافقت و ریاکاری جیسی بد ترین بیماری میں مبتلا ہے اورحضور نبی کریم ﷺ ارشاد مبارک فرماتے ہیں کہ مجھے اپنی امت میں سب سے زیادہ اندیشہ منافقین سے ہے۔ خانقاہوں اور درگاہوں سے رجوع کرنے والی مخلوقِ خدا کو بزرگانِ دین نے تعلیم ارشاد فرمائی کہ حضور نبی کریم ﷺ کا فرمان

مبارک ہے کہ ابنِ آدم کے اندر گوشت کا ایک لوتھڑا دل ہے جب دل سنور جاتا ہے تو انسان کا سارا وجود سنور جاتا ہے اور جب دل بگڑ جاتا ہے تو سارا وجود بگڑ جاتا ہے اور اگر ہم غور کریں تو تمام روحانی و اخلاقی بیماریوں کا تعلق دل کے بگڑنے کی وجہ سے ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ درسِ حدیث پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے مفتی فیصل حسین نقشبندی اور خواجہ وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا جبکہ دربارِ رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہر نے پیش کیا۔محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور پوری دنیا سے کرونا وباء کے خاتمے کے لئے خصوصی دعاکی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close