دربار عالیہ عید گاہ شریف میں شیخ المحدثین الحاج الحافظ پیر محمد عبدالرحمن رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کے موقع پر استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد

راولپنڈی(پی این آئی) دربار عالیہ عید گاہ شریف میں شیخ المحدثین و المفسرین الحاج الحافظ پیر محمد عبدالرحمن المعروف قبلہ عالم ثانی رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر استحکام پاکستان کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمن نے کی۔ کانفرنس سے

خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ قیام ِ پاکستان و استحکام ِ پاکستان میں بے شمار قربانیاں، خدمات اور اپنا تن من دھن نثار کر کے ایک اسلامی مملکت خداداد پاکستان کا حصول ہمارے اسلاف کا عظیم ترین کارنامہ ہے جس پر نا صرف ہمیں فخر ہے بلکہ انشاء اللہ تعالیٰ تا قیام ِ قیامت یہ ہماری تاریخ کا سنہرا باب رہے گا۔ آج ضرورت اِس امر کی ہے کہ ہم اپنی چھت، اپنے گھر پاکستان کی حفاظت و سلامتی، ترقی و سر بلندی کیلئے اپنے اسلاف کے نقش ِ قدم پر عمل پیرا ہوں۔ حضور نبی رحمت ﷺ کی شریعت مطہرہ پر چلتے ہوئے بندہِ ربِ کریم کے ایسے قرب میں پہنچ جاتا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے جو مانگتا ہے اسے عطا کر دیا جاتا ہے۔ بزرگانِ طریقت عید گاہ میں ایسی ہی عظیم ہستی شیخ المحدثین و المفسرین الحاج الحافظ پیر محمد عبدالرحمن المعروف قبلہ عالم ثانی رحمۃ اللہ علیہ کی ہے جنہوں نے نا صرف شریعتِ مطہرہ کو خودمضبوطی سے تھاما بلکہ برِ صغیر پاک و ہند کے کروڑوں مسلمانوں کو اس راہ پر گامزن کیا اور مخلوقِ خدا کا تعلق مدینہ منورہ سے مضبوط سے مضبوط تر کر کے بندگانِ خدا کے قلوب و اذہان پہ نقش کیا کہ حقیقی کامیابی صرف اور صرف اتباعِ رسولِ مقبول ﷺ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ حضرت پیر ثانی ؒ نے ترویج و اشاعتِ دینِ متین اسلام اور حضور نبی رحمت ﷺ کی غلامی کی جانب لوگوں کو بلانے کے لئے پوری

دنیا میں بے شمار تبلیغی دورے بھی کئے اور قرآنِ کریم و احادیثِ مبارکہ کے اپنے دروس کے ذریعے مخلوقِ خدا کا تعلق دربارِ رسالت مآب ﷺ سے مضبوط سے مضبوط تر کیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ حضرت پیرِ ثانی ؒ دربارِ رسالت مآب ﷺ سے ایسے نوازے گئے کہ آج بھی آپ کا روضہ مبارک مرجع خلائق اور دعاوٗں کی مقبولیت کا مرکز ہے۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی اُمور پیر ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا کہ آستانہ عالیہ عید گاہ شریف کی قیام ِ پاکستان سے لے کرابتک کی خدمات آبِ زر سے لکھنے کے قابل ہیں جہاں سے اُمت ِ مسلمہ اور بالخصوص پاکستانیوں کو وحدت و اخوت، رواداری، بھائی چارے اور امن و سلامتی کا درس دیا جاتا ہے اور استحقام ِ پاکستان کیلئے ہر کاوش اور ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ در حقیقت عید گاہ شریف وحدت و اتحادِ اُمت کا مرکز ہے جہاں سے تبلیغ اسلام کا عظیم ترین کارِخیر سر انجام دیا جاتا ہے اور مخلوقِ خدا کے قلوب و اذہان عشقِ مصطفی ﷺ سے منور کئے جاتے ہیں۔ سجادہ نشین گھمکول شریف پیر حبیب اللہ شاہ نے کہا ہے کہ عید گاہ شریف سے ہمیشہ عشق و اتباعِ رسول کریم ﷺ اور مخلوقِ خدا سے بھلائی کی تعلیم دی گئی۔ بزرگانِ طریقت کے آستانے رشد و ہدایت کے وہ سر چشمے ہیں جہاں سے لا تعداد مخلوقِ خدا فیضیاب ہوئی اور تا ابد ہوتی رہے گی۔ عرسِ مبار ک و استحکامِ پاکستان کانفرنس کے اس

عظیم روحانی اجتماع میں وفاقی وزراء، علمائے کرام، مشائخِ عظام جن میں پیر امین الحسنات شاہ بھیرہ شریف و دیگر،نعت خوانانِ عظام، شمعِ رسالت ﷺ کے پروانوں، عوام الناس، مریدین و معتقدین عید گاہ شریف اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محفل کا اختتام، درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج ِپاکستان کی سر بلندی، پوری دنیا سے کرونا وبا ء کے خاتمے اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا پرہوا جس کے بعد وسیع و عریض لنگر کا اہتمام بھی تھا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close