تمام فرامینِ الہیٰ و نبوی ﷺ اور اولیائے کرام کی تعلیمات انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے ہیں، پیر محمد نقیب الرحمان کا ہفتہ وار درس حدیث کی محفل سے خطاب

راولپنڈی( پی این آئی)دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ خانقاہی نظام کا یہ خاصا رہا ہے کہ اس سے منسلک اور اسکی طرف رجوع کرنے والی مخلوقِ خدا کے دلوں کو نورِ عشقِ مصطفیٰ ﷺ سے منور کر کے ایک ایسے مہذب اور اعلیٰ

اخلاق سے مزین معاشرے کو پروان چڑھایا جائے جہاں احترامِ آدمیت، حسنِ اخلاق، روا داری، اخوت و محبت اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کے جذبات سے بھر پور انسانی اخلاق و کردار کی ایسی نشو نما کی جائے کہ دین و دنیا میں حقیقی کامیابی بندگانِ خدا کا مقدر بن جائے۔ تمام فرامینِ الہیٰ و نبوی ﷺ اور اولیائے کرام کی تعلیمات انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے ہیں۔ یہ زندگی اللہ تعالیٰ نے ہمیں صرف اور صرف اس لئے دی ہے کہ ہم اس کی اطاعت کر کے اسے راضی کریں۔ ہمارے وجود کا ایک ایک عضو اسی صورت ہمارے لئے باعث نجات ہو گا جب ہم اسے شریعتِ مطہرہ کے عین تابع استعمال کریں۔ حضور نبی رحمت ﷺ کی خدمتِ اقدس میں ایک صحابیِ رسول ﷺ نے نصیحت کے لئے عرض کی تو آپ ﷺ نے ارشادِمبارک فرمایا کہ اپنی زبان کی حفاظت کیا کرو۔ اگر آج ہم اپنی زبان، کان، آنکھ کی حفاظت کریں کہ نہ کسی کی غیبت کریں نہ سنیں اور قرآنِ کریم میں آئے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق اپنی نگاہوں کی حفاظت کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہمارے معاشرے میں اس کے اچھے اور مثبت اثرات مرتب نہ ہوں۔ آج جس نفسا نفسی، بد اخلاقی، منافقت و ریا کاری، مخاصمت و کینہ پروری جیسے رزائلِ اخلاق ہمارے معاشرے میں زہر گھول رہے ہیں اور جو زہر ہمارے آئندہ نسلوں کے اخلاق و کردار کوتباہ و برباد کر رہا ہے اس کے آگے بند باندھنے کے لئے

ہمارے پاس واحد ذریعہ قرآنِ کریم و احادیثِ مبارکہ کی روشن ترین تعلیمات پر سچے دل اور خلوصِ نیت سے عمل پیرا ہونے میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے عیدگاہ شریف میں اتوار کے روز ہفتہ وار درسِ حدیث پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔محفل سے خواجہ وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا جبکہ دربارِ رسالت مآب ﷺ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہر نے پیش کیا۔محفلِ کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی،ترقی، اتحاد بین المسلمین، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور پوری دنیا سے کورونا وباء کے خاتمے کے لیے خصوصی طور پر دعاکی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close