عظیم صوفی شاعر وارث شاہ کے 222ویں سالانہ عرس کی تقریبات کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

شیخوپورہ (آئی این پی) عظیم صوفی شاعر سید پیر وارث شاہ کے 222ویں سالانہ عرس کی تقریبات23ستمبر کو شیخوپورہ کے قصبہ جنڈیالہ شیر خان میں شروع ہرنگی ،3 روزہ عرس مبارک کی تقریبات میں حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ عرس مبارک کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں

اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ اور ڈی پی او غازی محمد صلاح الدین نے ڈی سی کمیٹی روم میں سید وارث شاہ کے سالانہ عرس کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مظہر اقبال، اے سی سٹی محسن اقبال، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد صدیق، مینجر وارث شاہ کمپلیکس احسان المالک، سی او میونسپل کارپوریشن محمد منشا، سی او احسن عنایت سندھو، مختار احمد کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے عرس کے پہلے روز مزار شریف پر غسل کی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ مشاعرہ اور ہیر خوانی کے مقابلہ جات ضلع کونسل ہال کمپنی باغ میں منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے سی او میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ وہ عرس کے موقع پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں زائرین کے لیے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے پارکنگ کا انتظام کیا جائے۔ ڈی پی او غازی محمد صلاح الدین نے کہا کہ عرس کے موقع پر سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close