لندن سے لاہور تک موٹر سائیکل پر اکیلا سفر! برٹش پاکستانی خاتون کا ایسا کارنامہ جو سب کو حیران کر دے گا

برطانوی نژاد پاکستانی خاتون بائیکر گل افشاں طارق نے موٹر سائیکل پر لندن سے لاہور تک ایک منفرد اور تاریخی سفر شروع کر دیا ہے۔

24 سالہ گل افشاں طارق اس وقت مانچسٹر میں اپنے شوہر اور تین سالہ بیٹی کے ساتھ رہتی ہیں، مگر انہوں نے عزم کیا ہے کہ وہ موٹر سائیکل پر لندن سے لاہور تک کا سفر مکمل کر کے ایسا کارنامہ انجام دیں گی جو پہلے کسی پاکستانی خاتون نے نہیں کیا۔ انہوں نے رواں ماہ اپنے طویل سفر کا آغاز کیا۔ اس سفر کے دوران وہ لندن سے روانہ ہو کر فرانس، سوئٹزر لینڈ، اٹلی، یونان اور ترکیہ سے گزرتے ہوئے پاکستان پہنچیں گی۔ تاہم مشرق وسطیٰ میں کشیدہ حالات کے باعث انہوں نے ایران کے بجائے متبادل راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جارجیا کے راستے لاہور آئیں گی۔

گل افشاں طارق کے مطابق اس مہم کا مقصد خواتین کے حقوق کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور یہ پیغام دینا ہے کہ اگر خواتین میں عزم اور حوصلہ ہو تو وہ کسی بھی منزل کو حاصل کر سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی مضبوط بائیکنگ کمیونٹی اور اپنے والد کے عالمی سفر سے ملنے والی ترغیب نے انہیں یہ جرات مندانہ قدم اٹھانے کا حوصلہ دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بائیکنگ کمیونٹی بہت فعال ہے اور موٹر سائیکل خواتین کے لیے بھی ایک مقبول اور عملی ذریعۂ سفر بنتی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close