حیرت انگیز واقعہ: رحیم یار خان میں 5 سالہ بچے کے سینے سے نامکمل جڑواں بچہ نکالا گیا

رحیم یار خان میں ایک انتہائی نایاب طبی واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 5 سالہ بچے کے سینے سے نامکمل بچہ برآمد ہوا۔

شیخ زاید اسپتال کے مطابق ماہر ڈاکٹروں نے کامیاب سرجری کے بعد بچے کے سینے سے ایک نامکمل جڑواں بچہ نکال لیا۔ اس پیچیدہ سرجری کی قیادت تھوراسک سرجن ڈاکٹر سلطان محمود اویسی نے کی، جن کی ٹیم میں سینے کے امراض کے ماہر شامل تھے۔ ڈاکٹر سلطان کے مطابق اس نایاب حالت کو فیٹس اِن فیٹو (Fetus in Fetu) کہا جاتا ہے، جس میں جڑواں بچوں میں سے ایک نامکمل بچہ اپنے بھائی یا بہن کے جسم کے اندر نشوونما پاتا ہے۔ اس کیس کی نایابیت اس لیے ہے کہ یہ فیٹس بچے کے سینے میں موجود تھا، نہ کہ عام طور پر پیٹ میں۔

فیٹس تقریباً 1 کلو وزن کا تھا اور اس کے کئی اعضاء جیسے ریڑھ کی ہڈی، بال، دانت اور جسم کے دیگر حصے بن چکے تھے، مگر سر موجود نہیں تھا۔ ڈاکٹر کے مطابق یہ قبل از وقت تھا اور زندہ رہنے کے قابل نہیں تھا۔ سرجن کے مطابق پانچ سالہ بچے کو صرف 18 دن کی عمر سے ہی سانس لینے میں دشواری، سینے میں انفیکشن، کھانسی اور بار بار بخار کی شکایت تھی۔ کئی سال تک مختلف ڈاکٹروں سے رجوع کرنے کے باوجود مرض کی درست تشخیص نہیں ہوسکی تھی، یہاں تک کہ حال ہی میں کرائے گئے سی ٹی اسکین سے یہ نایاب حالت سامنے آئی۔

شیخ زاید اسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ آپریشن کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے اور بچے کی حالت تسلی بخش ہے، اور اسے بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close