آج رات آسمان پر سال کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون، کہاں کہاں دیکھا جائے گا؟

آج رات کا آسمان ایک شاندار منظر پیش کرے گا، جب سال کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ نمودار ہوگا۔ پاکستان سمیت دنیا کے کئی حصوں میں یہ دلکش نظارہ واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

سپارکو کے مطابق یہ رواں سال کے تین سپر مونز میں سے دوسرا ہے، جو اپنے غیر معمولی سائز اور چمک کی وجہ سے نمایاں رہے گا۔ آج چاند معمول سے تقریباً 16 فیصد زیادہ روشن اور 9.7 فیصد بڑا دکھائی دے گا۔ماہرین فلکیات کے مطابق سپر مون اس وقت بنتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے سب سے قریب آ کر مکمل چاند کی حالت میں ہوتا ہے۔ اس وقت چاند عام دنوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ چمکدار اور جاذبِ نظر نظر آتا ہے۔

ترجمان کے مطابق آج شام 6 بج کر 19 منٹ پر چاند اپنی زیادہ سے زیادہ چمک پر ہوگا، جب وہ زمین سے صرف 221,817 میل کے فاصلے پر ہوگا۔ اس قربت کے باعث چاند کا منظر نہایت دلکش اور روشن ہو جائے گا۔ یہ سپر مون رواں سال کا دوسرا واقعہ ہے، جبکہ تیسرا اور آخری سپر مون دسمبر میں دیکھا جا سکے گا۔ ماہرین نے اس بیور سپر مون کو سال کا سب سے بڑا اور چمکدار چاند قرار دیا ہے۔

پاکستان میں موسمِ سرما کے صاف اور شفاف آسمان کی وجہ سے یہ دل موہ لینے والا نظارہ خاص طور پر واضح رہے گا۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ اگر آپ شہروں کی روشنیوں سے دور کسی کھلے مقام پر جائیں تو سپر مون کا یہ جادوئی منظر اور بھی حسین لگے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close