ستمبر میں نایاب “بلڈ مون” کا شاندار نظارہ، کہاں کہاں دیکھا جائے گا؟

دنیا بھر کے آسمانوں پر اگلے ماہ ایک شاندار اور نایاب فلکی مظہر جلوہ گر ہوگا۔ ستمبر کے اولین عشرے میں سرخ چاند یا “بلڈ مون” اپنی دلکش جھلک دکھائے گا، جسے دیکھنے کا موقع دنیا کی تقریباً 88 فیصد آبادی کو ملے گا۔

ماہرین کے مطابق یہ مکمل چاند گرہن 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب ہوگا، جو رات 8 بج کر 28 منٹ پر شروع ہوگا اور ایک بج کر 55 منٹ تک جاری رہے گا۔ اس دوران 82 منٹ تک چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں چھپ کر سرخ رنگ اختیار کرلے گا۔

چاند سرخ کیوں نظر آتا ہے؟
چاند گرہن کے دوران جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے تو سورج کی روشنی براہِ راست چاند تک نہیں پہنچ پاتی۔ زمین کی فضا سے گزرتی ہوئی روشنی میں نیلا رنگ فلٹر ہوجاتا ہے اور سرخ رنگ زیادہ جھک کر چاند تک پہنچتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس موقع پر چاند سرخی مائل دکھائی دیتا ہے اور اسے “بلڈ مون” کہا جاتا ہے۔

کن ممالک میں نظر آئے گا؟
یہ نایاب فلکی منظر پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، جاپان، وسطی ایشیا، روس کے کئی حصوں اور مشرقی افریقا میں مکمل طور پر دیکھا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ یورپ، مشرقی آسٹریلیا، افریقا اور نیوزی لینڈ میں جزوی گرہن نظر آئے گا، جبکہ امریکا کے بیشتر حصوں میں یہ نظارہ نہیں ہوسکے گا۔

ایک نادر موقع
ماہرین فلکیات کے مطابق ستمبر 2025 کا یہ مکمل چاند گرہن اس دہائی کے سب سے زیادہ نمایاں اور یادگار فلکی مناظر میں شمار ہوگا۔ اس سے قبل رواں برس کا پہلا چاند گرہن 14 مارچ 2025 کو ہوا تھا، مگر وہ پاکستان میں نظر نہیں آیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close