کتوں کو کھانا کھلانے پر خاتون پر وحشیانہ تشدد

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں آوارہ کتوں کو کھانا کھلانے پر ایک شخص نے خاتون کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی رات پیش آیا۔ متاثرہ خاتون کی شناخت یاشیکا شکلا کے نام سے ہوئی، جو اپنی سوسائٹی کے مقررہ مقام پر کتوں کو کھانا کھلا رہی تھیں۔ اسی دوران وہاں مقیم کمل کھنّا نامی شخص آیا اور بار بار انہیں تھپڑ مارنے لگا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم خاتون کے پیچھے چلتے ہوئے انہیں مسلسل تھپڑ مار رہا ہے، جبکہ خاتون خود کو بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ایک موقع پر ملزم نے ان کے دونوں ہاتھ بھی پکڑ لیے تاکہ وہ دفاع نہ کر سکیں۔ حیران کن طور پر کئی افراد موقع پر موجود تھے لیکن کسی نے مداخلت نہیں کی۔ پولیس نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی اور کمل کھنّا کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close