شادی کے جعلی دعوت نامے سے بھارتی شہری 2 لاکھ روپے سے محروم

بھارت میں واٹس ایپ کے ذریعے بھیجا گیا ایک جعلی شادی کا دعوت نامہ سرکاری ملازم کے لیے مہنگا ثابت ہوا، جس کے نتیجے میں وہ تقریباً 2 لاکھ روپے سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع ہنگولی سے تعلق رکھنے والے شخص کو نامعلوم نمبر سے ایک پیغام موصول ہوا جس میں 30 اگست 2025ء کی شادی کی دعوت دی گئی تھی۔ پیغام کے ساتھ موجود ایک مبینہ پی ڈی ایف فائل دراصل اینڈرائیڈ ایپلی کیشن پیکیج (APK) نکلی، جو فون ہیک کرنے کے لیے تیار کی گئی تھی۔ متاثرہ شخص نے جیسے ہی اس فائل پر کلک کیا، سائبر کرمنلز نے اس کے موبائل اور ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل کر لی، جس کے فوراً بعد اس کے اکاؤنٹ سے 1 لاکھ 90 ہزار روپے غائب ہو گئے۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے مزید بتایا کہ ایک اور کیس میں مہاراشٹر پولیس نے سائبر فراڈ میں ملوث گروہ کو گرفتار کیا ہے، جو گوا سے کام کر رہا تھا۔ اس گروہ نے نوکری کے متلاشی افراد کے نام پر بینک اکاؤنٹس اور سم کارڈ حاصل کر کے انہیں غیر قانونی لین دین میں استعمال کیا۔ پولیس کے مطابق اب تک کم از کم 80 افراد اس دھوکے کا شکار ہو چکے ہیں، جنہیں ملازمت کی پیشکش کے بہانے جھانسہ دیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close