پانی کے پستول سے بینک لوٹنے کی کوشش

جنوبی کوریا میں شہریوں نے بینک ڈکیتی کی دلچسپ اور انوکھی کوشش ناکام بنادی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے شہر بوسن کے ایک بینک میں سفری بیگ تھامے ایک شخص داخل ہوا، 30 سالہ شخص نے چہرے پر نقاب لگا رکھا تھا اور کیپ بھی پہن رکھی تھی۔کیشیئر کاؤنٹر کے قریب جا کر ملزم نے بیگ سے ایک چیز نکالی جو کہ سیاہ رنگ کے تھیلے میں لپٹی ہوئی تھی، اس نے چلا کر سب کو خبردار کیا کہ اس کے پاس اسلحہ ہے، سب زمین پر لیٹ جائیں ۔ ملزم نے کیشیئر کو دھمکا کر مطالبہ کیا کہ اس کے بیگ میں نقدی بھرے۔

اس دوران بینک میں متعدد کسٹمر موجود تھے جو غیر متوقع صورتحال سے خوفزدہ ہوگئے اور بعض نے شور شرابا شروع کردیا۔اس دوران ایک 53 سالہ شخص نے ملزم کو دبوچ لیا جس میں دیگر لوگوں نے بھی اس کی مدد کی۔ رپورٹ کے مطابق بینک میں داخل ہونے کے 2 منٹ کے اندر ہی ملزم کو قابو کرلیا گیا اور ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔53 سالہ شخص کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ کورین اسپیشل سکیورٹی فورس کا سابق کمانڈو ہے۔

واقعے کے بعد جب پولیس پہنچی تو اس نے ملزم کو ہتھکڑی لگائی، اس دوران اس کے سیاہ رنگ کے تھیلے کو چیک کیا گیا تو اس میں سے ایک ڈائناسور کے ڈیزائن والی پانی کی کھلونا پستول نکلی جسے دیکھ کر وہاں موجود سب لوگوں کی ہنسی چھوٹ گئی۔ایک بینک اہلکار نے بتایا کہ ڈائنا سور والی کھلونا پستول دیکھ کر سب ہنس تو رہے تھے تاہم کچھ لمحوں قبل ہی وہاں سب ڈرے ہوئے تھے کیونکہ کسی کو معلوم نہیں تھا کہ ملزم کے پاس پانی والی پستول ہے۔پولیس کے مطابق ملزم 5 سال سے بیروزگار ہے اور مالی مشکلات کا شکار ہے، اس نے ڈکیتی کے بعد فرار کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی تھی اور اس کے پاس کوئی سواری بھی نہیں تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close