بھارت کی ریاست بہار میں ایک بندر نے 10 ویں جماعت کی طالبہ کو چھت سے دھکا دیدیا جس کے باعث لڑکی نیچے گر کر ہلاک ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سرد موسم کے باعث پریا نامی طالبہ چھت پر دھوپ میں بیٹھ کر پڑھ رہی تھی کہ اس دوران وہاں بندروں کا ایک جھنڈ آگیا جنہیں دیکھ کر طالبہ ڈر گئی۔محلے والوں نے بندروں کو دیکھ کر شور مچایا تو لڑکی نے بھی چھت سے بھاگ کر گھر میں جانے کی کوشش کی تاہم اس دوران ایک بندر نے پریا کو دھکا دیا جس سے وہ چھت سے نیچے گر کر زخمی ہوگئی۔
بعدازاں والدین پریا کو اسپتال لے کر گئے جہاں اس کی موت کی تصدیق کردی گئی اور ڈاکٹروں کی جانب سے موت کی وجہ سر اور کمر سمیت جسم کے دیگر حصوں پر آنے والی گہری چوٹوں کو قرار دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس علاقے سمیت بھارت کے کئی علاقوں میں بندر اور لنگور انسانوں کو نقصان پہنچا چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں