شانگلہ ، چوہوں کی بھرمار سے عوام پریشان ، بڑھتی تعداد کو کنٹرول کرنے کیلئے آپریشن کا آغاز

شانگلہ :خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کی تحصیل پورن کے گاؤں الوچ میں چوہوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے خلاف مقامی اصلاحی کمیٹی نے جمعرات اور جمعہ کو آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس آپریشن کے دوران کمیٹی ممبران تحصیل میونسپل کمیٹی کے ساتھ مل کر چوہوں کی تعداد کو کنٹرول کرنے کی کوشش کریں گے۔

مقامی افراد کے مطابق علاقے میں چوہوں کی بھرمار سے لوگ پریشان ہیں اور ان کی روزمرہ کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں، دکانوں، سڑکوں اور ندیوں میں چوہے اتنے زیادہ ہو گئے ہیں کہ کھانے پینے کی چیزیں تک محفوظ نہیں رہ پاتیں، اور گھروں سمیت ندی نالوں میں چوہے پھرتے نظر آتے ہیں۔

اصلاحی کمیٹی الوچ کے سربراہ شاہد علی نے اردو نیوز کو بتایا کہ “چوہوں کی بڑھتی تعداد کی وجہ سے مقامی لوگوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔” ان کے مطابق علاقے میں چوہے اس قدر زیادہ ہو گئے ہیں کہ ناپاکی کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے، خاص طور پر کھانے پینے کی اشیاء کے حوالے سے۔

شاہد علی نے مزید کہا کہ کمیٹی اور مقامی حکام کی کوششوں سے اس مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ عوام کو چوہوں سے پیدا ہونے والے صحت کے مسائل سے بچایا جا سکے۔ اس آپریشن کے کامیاب نفاذ کے بعد علاقے میں چوہوں کی تعداد میں کمی کی امید ہے، جو لوگوں کی زندگی کو معمول پر لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close