کہتے ہیں پہلی محبت بھلائے نہیں بھولتی اور جہاں محبت ہو وہاں جھگڑے بھی ہوتے ہیں۔
ایسا ہی کچھ امریکی جوڑے کے ساتھ بھی ہوا جو طلاق کے تقریباً 50 برس بعد پھر شادی کے بندھن میں بندھ گیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 1975ء میں طلاق لینے والے 89 سالہ فے گیبل اور 94 سالہ رابرٹ وینرچ ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔دوبارہ شادی کی تقریب میں فے گیبل کے 2 سوتیلے بیٹوں کے علاوہ اس جوڑے کے 14 پوتے پوتیوں، نواسے نواسیوں، 14 پڑ پوتے پڑ پوتیوں، پڑ نواسے اور پڑ نواسیوں اور 2 جڑواں سَپَڑْ پوتے پوتیوں (پڑ پوتے کے بچوں) نے بھی شرکت کی۔
اس جوڑے کی شادی امریکی ریاست پنسلوانیا کی لینکاسٹر کاؤنٹی کے علاقے ڈینور میں گزشتہ روز ہوئی۔اس سے قبل 1950ء کی دہائی میں اس جوڑے کی پہلی شادی ہوئی تھی۔ان کے 4 بچے ہیں تاہم 1975ء میں ذاتی وجوہات کی بنیاد پر انہوں نے طلاق لے لی تھی۔فے گیبل اور رابرٹ وینرچ کی چھوٹی بیٹی کیرول اسمتھ کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے اپنے دوست کی بہن سے پسند کی شادی کی تھی اور شادی کے بعد کافی عرصہ ساتھ رہے اور ایک ساتھ بہت اچھا وقت گزارا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طلاق کے بعد فے گیبل اور رابرٹ وینرچ نے دوسری شادی کی اور کئی دہائیاں اپنے نئے جیون ساتھیوں کے ساتھ گزاریں لیکن اب دونوں کے شریکِ حیات دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں جس کے بعد انہوں نے ایک بار پھر شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کیا اور گزشتہ روز ڈینور میں ان کی دوبارہ شادی کی یادگار تقریب منعقد ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں