بڑے اداکار کا پیسے لے کر جنازے میں شرکت کا اعتراف

بالی وڈ کے معروف کامیڈی اداکار چنکی پانڈے نے رقم کے عوض جنازے میں شرکت کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران چنکی پانڈے نے اعتراف کیا کہ وہ ماضی میں پیسوں کے عوض سفید کپڑے پہنے جنازے میں شریک ہو چکے ہیں لیکن انھیں اس کا علم جنازے کی جگہ پہنچ کر ہوا۔دوران گفتگو چنکی پانڈے نے بتایا کہ’کیرئیر کے آغاز میں میری آمدنی میں اضافے کا ذریعہ تقریبات میں شرکت تھا جس کیلئے میرا بیگ تیار ہوتا تھا کہ کوئی مجھے بلائے اور میں بھاگا چلا جاؤں، پھر چاہے وہ شادی کی تقریب ہو، سالگرہ یا بچے کی پیدائش کی تقریب‘۔

چنکی پانڈے نے بتایا کہ’ ایک مرتبہ مجھے آرگنائزر کی کال آئی اور اس نے پوچھا کہ ‘آپ آج کیا کر رہے ہیں؟’ میں نے اسے بتایا، ‘میں شوٹنگ کے لیے جا رہا ہوں۔’ جس کے بعد آرگنائزر نے مجھ سے شوٹنگ کی جگہ پوچھی اور میرے بتانے پر مجھے کہا گیا کہ ’راستے میں ایک چھوٹی سی جگہ ہے جہاں اگر میں 10 منٹ کے لیے آجاؤں تو مجھے اس کے پیسے ملیں گے لیکن مجھے سفید کپڑے پہن کر آنا ہوگا، اس کے بعد میں بنا دیر کیے سفید کپڑے پہنے بتائی گئی جگہ پر پہنچ گیا۔

چنکی پانڈے نے بتایا کہ جب میں بتائی گئی جگہ پر پہنچا تو میں نے دیکھا کہ وہاں سفید کپڑے پہنے کئی لوگ موجود تھے، میں دبے قدموں اندر چلا گیا جس دوران لوگ مجھے دیکھ کر سرگوشیاں کرنے لگے کہ چنکی پانڈے آ گئے ہیں۔چنکی پانڈے کے مطابق میں حیران تھا، سمجھ نہیں آرہا تھا کہ کیا ہو رہا ہے، اندر پہنچ کر جنازہ دیکھا تو مجھے اندازہ ہوا کہ کسی کا انتقال ہوگیا ہے، میں نے سوچا کہ کہیں میرے پہنچنے تک شاید آرگنائزر کا انتقال ہوگیا ہے لیکن اسی وقت میری نظر آرگنائزر پر پڑی تو اس نے مجھے کال کی اور کہا کہ ’سر فکر نہ کریں، آپ کا پیسوں والا پیکٹ میرے پاس ہے لیکن مرحوم کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ اگر آپ روئیں گے تو وہ آپ کو اور پیسے دیں گے‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close