سیاستدان کے ساتھ تعلق، خاتون رپورٹر کی منگنی ٹوٹ گئی

امریکی میگزین کی خاتون رپورٹر اولیویا نوزی کی سابق صدارتی امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے ساتھ تعلقات سامنے آنے پر منگنی ٹوٹ گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک میگزین کی سیاسی رپورٹر اولیویا نوزی کے منگیتر، پولیٹیکو کے ریان لزا نے تصدیق کی ہے کہ دونوں کی منگنی ختم ہو گئی ہے۔خیال رہے کہ ان کی جانب سے یہ اعلان اولیویا نوزی پر سابق صدارتی امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے ساتھ مبینہ تعلقات کا الزام سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔50 سالہ ریان لزا نے اپنے بیان میں کہا کہ اپنی سابقہ منگیتر کے ساتھ تعلق کی وجہ سے وہ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کی کوریج میں شامل نہیں ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق 31 سالہ اولیویا نوزی اور ریان لزا کی منگنی اٹلی میں ستمبر 2022 میں ہوئی تھی اور دونوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر موجود ہیں، دونوں 2018 سے ایک دوسرے کے ساتھ گھومتے پھرتے نظر آتے تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز نیو یارک میگزین کی واشنگٹن میں نمائندہ اولیویا نوزی کو سابق آزاد صدارتی امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے ساتھ مبینہ رومانوی تعلقات سامنے آنے کے بعد چھٹی پر بھیج دیا گیا تھا۔خاتون رپورٹر نے بھی اپنے بیان میں تسلیم کیا تھا کہ کچھ وقت پہلے ان کی ایک رپورٹنگ سبجیکٹ کے ساتھ ذاتی نوعیت کی بات چیت ہوئی تھی۔رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر امریکا کے سابق صدر جان ایف کینیڈی کے بھتیجے ہیں، جنہیں 22 نومبر 1963 کو ڈیلاس میں قتل کردیا گیا تھا۔واضح رہے کہ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر نے اگست کے آخر میں اپنی صدارتی مہم معطل کرتے ہوئے ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close