ڈانس کرتی لڑکی کی پراسرار موت

ممبئی(پی این آئی)ڈانس کرتی لڑکی کی پراسرار موت۔۔۔بھارت میں شادی کا گھر لمحے بھر میں ماتم کدہ میں تبدیل ہوگیا، نوجوان لڑکی اپنی بہن کی پری ویڈنگ تقریب میں رقص کرتے ہوئے اچانک گر پڑی اور اس کی موت واقع ہوگئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر میرٹھ میں 18 سالہ لڑکی اپنی بہن کی ہلدی (مایوں ) کی تقریب کے دوران ڈانس کررہی تھی کہ اچانک گرکر بےہوش ہوگئی۔رمشا نامی لڑکی کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رمشا کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر لڑکی کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔


اس افسوسناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رمشا پیلے جوڑے میں رقص کر رہی ہے کہ اچانک اسے سینے میں تکلیف محسوس ہوتی ہے اور وہ اپنا ہاتھ دل پر رکھ لیتی ہے لیکن وہ اپنی اس تکلیف کو نظر انداز کرکے اپنا ڈانس جاری رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔وائرل ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ اگلے ہی لمحے ممکنہ طور پر تکلیف کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے جس پر وہ اچانک گر جاتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رمشا کی موت اس کی بہن کی شادی سے دو دن قبل ہوئی۔ اس سانحہ کے بعد دلہن کے اہل خانہ نے سادگی سے دلہن کو رخصت کر دیا۔خیال رہے کہ بھارتی علاقے مبارکپور میں بھی گزشتہ ماہ اسی نوعیت کا افسوسناک حادثہ پیش آیا تھا، جب شادی کے موقع پر ڈانس کرتے ہوئے ایک نوجوان چل بسا تھا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close