ویب ڈیسک(پی این آئی)ایک دہائی سے زائد عرصے سے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ارب پتی کلائیو پالمر ٹائی ٹینک جیسا بحری جہاز بنانے کا اعلان کر رہے ہیں۔
سب سے پہلے انہوں نے 2012 میں ٹائی ٹینک 2 کی تیاری کا اعلان کیا اور 2018 میں ایک بار پھر یہ اعلان کیا۔اب 6 سال بعد ایک بار پھر انہوں نے اس منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔سڈنی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے یہ اعلان کیا۔جب 2012 میں انہوں نے پہلی بار اس منصوبے کا اعلان کیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ 2016 میں اسے مکمل کرلیا جائے گا مگر پھر اس پر کام نہیں ہوسکا۔بعد ازاں 2018 میں جب دوبارہ اس پر کام شروع ہوا تو کووڈ 19 کی وبا کے باعث ایک بار پھر کام روکنا پڑا۔کلائیو پالمر بلو اسٹار لائن نامی کمپنی کے چیئرمین ہیں اور گزشتہ برسوں میں وہ کووڈ کی وبا کے دوران سرحدوں کی بندش پر آسٹریلیا کی ریاستی اور وفاقی حکومتوں کے خلاف مقدمات بھی دائر کر چکے ہیں۔
ٹائی ٹینک 2 کی تیاری کا اعلان کرتے ہوئے کلائیو پالمر نے کہا کہ طویل تاخیر کے بعد ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ٹائی ٹینک 2 کو حقیقی شکل دینے کا خواب تعبیر پانے والا ہے۔اس جہاز کی تیاری 2025 کی پہلی سہ ماہی میں شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ اس سے کب تک مکمل کرلیا جائے گا، اس بارے میں ابھی کلائیو پالمر نے کچھ نہیں بتایا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں