ہوکرز لپس، انسانی ہونٹوں کی طرح دکھنے والا خوبصورت پودا کہاں پایا جاتا ہے؟

انسانی ہونٹوں کی طرح دکھنے والا خوبصورت پودا ہوکرز لپس جنوبی اور وسطی امریکا کے ممالک میں پایا جاتا ہے اور یہ امریکا کے جنوبی ملک ایکواڈور کے رین فارسٹ کا مقامی پودا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پودے کو ہوکرز لپس کے علاوہ ہاٹ لپس پلانٹ بھی کہا جاتا ہے۔
یہ پودا اتنا خاص کیوں؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پودے کو خاص اس کے سرخ رنگ کے پتے بناتے ہیں جسے بریکٹ کہتے ہیں اور یہ دو پتے مل کر انسانی ہونٹ کی شکل جیسے بن جاتے ہیں۔
سرخ رنگ کے بریکٹ پولینیٹرز (فرٹیلائزنگ میں مدد کرنے والے جاندار) کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، جن میں تتلیاں اور دنیا کی سب سے چھوٹی چڑیا ہمنگ برڈز بھی شامل ہیں۔
یہ پھول کب کِھلتے ہیں؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پھولوں کے کِھلنے کا موسم دسمبر سے مارچ کے درمیان ہوتا ہے اور وسطی امریکا کے لوگ اسے اپنے محبت کے اظہار کے طور پر کسی کو بطور تحفہ بھی دیتے ہیں اور خصوصی طور پر ویلنٹائن کے دن اس کی مانگ میں اضافہ ہوجاتا ہے جب کہ اس کے پتے جِلدی امراض کی مختلف بیماریوں میں بھی استعمال ہوتے ہیں۔
بدقسمتی سے پودا خطرے سے دوچار

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ خوبصورت اور توجہ سمیٹنے والا پودا خطرے سے دوچار ہے اور آہستہ آہستہ دنیا سے ختم ہوتا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہےکہ موسمیاتی تبدیلیوں نے جہاں پودوں اور جانوروں کی مختلف اقسام کو خطرے میں ڈال دیا ہے وہیں یہ پودا بھی موسمیاتی تبدیلیوں اور جنگلات کی کٹائی کی وجہ سے ختم ہوتا جارہا ہے جسے بچانے کی سخت ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں