کورونا کے باعث انتقال کرنیوالے شخص کی دو سال بعد گھر واپسی، اہلِ خانہ حیران

مدھیہ پردیش (پی این آئی )بھارت میں ایک ناقابل یقین واقعہ پیش آیا جہاں کورونا کے باعث انتقال کرنے والا شخص جس کی آخری رسومات بھی ادا کردی گئی تھیں ، دو سال بعد صحیح سلامت اپنے گھر واپس آگیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع دھار میں 35 سالہ کملیش کے اہل خانہ ہفتے کے روز اس وقت حیران ہوگئے جب کملیش جس کی دو سال قبل کورونا کی وجہ سے موت کی تصدیق کے بعد آخری رسومات ادا کردی گئی تھیں وہ بالکل ٹھیک حالت میں گھر لوٹ آیا۔

رپورٹس کے مطابق کملیش کو 2 سال قبل کورونا کی شدید لہر کے دوران بیماری کے باعث گجرات کے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں دوران علاج وہ انتقال کرگیا اور ڈاکٹروں نے اس کی موت کی بھی تصدیق کردی تھی۔تاہم اسپتال حکام کی جانب سے کملیش کی لاش اہل خانہ کے حوالے کردی گئی تھی،جس کے بعد گھر والوں نے اس کی آخری رسومات ادا کیں۔اب دو سال بعد کملیش کو زندہ دیکھ کر گھر والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو سال بعد گھر واپس آنے کے بعد کملیش نے اب تک کوئی معلومات شیئر نہیں کیں کہ وہ اس عرصے کے دوران کہاں ، کس کے پاس رہا؟ تاہم اہل خانہ کی جانب سے پولیس کو اطلاع کردی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کملیش کے بیان کے بعد ہی صورتحال واضح ہوسکے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close