وہ ملک جہاں تنہائی کا شکار نوجوانوں کو ماہانہ لاکھوں کا الائونس دینے کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)جدید دنیا میں کئی افراد ایسے ہیں جو ذہنی اور دیگر عوامل کی وجہ سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں اور معاشرے میں ہونے والی سرگرمیوں سے لاعلم ہیں۔

جنوبی کوریا کی حکومت نے تنہائی کے شکار نوجوانوں کو معاشرے میں دوبارہ واپس لانے کے لیے ماہانہ الاؤنس کا اعلان کیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت صنفی مساوات اور خاندان نے اعلان کیا ہے کہ تنہائی کے شکار نوجوانوں کی نفسیاتی اور جذبات استحکام میں مدد کے لیے انہیں ماہانہ 6 لاکھ 50 ہزار کورین وون یعنی تقریباً 500 ڈالر کا رہائشی الاؤنس دیا جائے گا۔ وزارت کی رپورٹ میں کوریا انسٹی ٹیوٹ برائے صحت اور سماجی امور کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 19 سے 39 سال کی عمر کے تقریباً 3.1 فیصد نوجوان تنہائی کا شکار ہیں، معاشرے میں ہونے والی سرگرمیوں سے لاعلم ہیں اور زندگی گزارنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تنہائی کے شکار نوجوان کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں جن میں مالی مشکلات، ذہنی بیماری، خاندانی مسائل اور صحت کے حوالے سے چیلنجز درپیش ہیں۔

نوجوانوں کو ماہانہ وظیفہ دینے کا مقصد تنہائی کا شکار افراد بالخصوص نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ اپنی روزمرہ کی زندگی کو بحال کرتے ہوئے معاشرے میں دوبارہ شامل ہوں۔ تنہائی کے شکار نوجوانوں کا رجحان جنوبی کوریا کے لیے منفرد نہیں ہے۔ ایک حالیہ حکومتی سروے کے مطابق جاپان میں بھی تقریباً 15 لاکھ نوجوان تنہائی کا شکار ہیں جنہیں ہیکیکوموری (hikikomori) کے نام سے جانا جاتا ہے جاپان میں گزشتہ دہائی سے اس مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا گیا لیکن کووڈ-19 کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین کردی۔ تنہائی کے شکار نوجوانوں کی وجہ حمل، بے روزگاری، ریٹائرمنٹ اور خراب باہمی تعلقات شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں