ڈیڑھ کروڑ تاوان، گوجرانولہ میں باپ نے بیٹا اغواء کر لیا

گوجرانولہ (پی این آئی) گوجرانولہ میں ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان کیلئے اغواء ہونے والے بچے کا باپ ہی اغواء کار نکلا۔ مقامی پولیس حکام کے مطابق بچے کے اغواء کے واقعہ کا دو روز بعد ہی اس وقت ڈراپ سین ہو گیا جب پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے بچے کو بازیاب کرا لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ فیروزوالا کے علاقہ جھنگی میں پیش آیا

جہاں شہباز نامی شخص نے گھر والوں کو بتایا کہ اسے ٹیلی فون پر نامعلوم اغواء کار بیٹے کے اغواء کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اس طرح افواہ پھیلانے کے بعد ملزم گھر والوں سے چھپا کر 12 سالہ بیٹے شاہ زیب کو سیالکوٹ لے گیا اور ایک جاننے والے کے گھر چھپا کر اغواء کا شور مچا دیا۔ مقامی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں تو ملزم نے بتایا کہ نامعلوم اغواء کار ٹیلی فون پر ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان مانگ رہے ہیں اور ساتھ ہی اپنے ایک مخالف پر شبہ بھی ظاہر کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم شہباز کے بیانات مشکوک لگنے پر انہوں نے اسی کو حراست میں لیکر تفتیش کی تو ملزم نے سارا سچ اگل دیا کہ اس نے مخالف کو پھنسانے کے لیے یہ گھناؤنا کھیل کھیلا تھا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close