سال 2022میں پاکستانیوں نے گوگل پر سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟ فہرست جاری

اسلام آباد(پی این آئی)گوگل سرچ انجن کے بغیر انٹرنیٹ صارفین کی زندگی مکمل نہیں ہوسکتی۔ روزانہ ہی گوگل پر اربوں موضوعات کو سرچ کیا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سرچ انجن کی جانب سے ہر سال کے اختتام پر سب سے زیادہ مقبول سرچز کی فہرست کو جاری کیا جاتا ہے۔

 

 

 

گوگل نے 2022 کے دوران پاکستانی عوام کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی عوام کو کرکٹ بہت پسند ہے کیونکہ فہرست میں اس سے متعلق موضوعات کا ہی غلبہ ہے۔ پاکستانیوں نے 2022 میں گوگل پر سب سے زیادہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کو سرچ کیا۔ دوسرا نمبر ایشیا کپ 2022 کے حصے میں آیا جبکہ پی ایس ایل 7 کو تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔ پاکستان اور بھارت کے میچ کے ساتھ ساتھ فائنل بھی میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوا تھا اور دونوں بار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ میلبرن کا موسم گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات میں چوتھے نمبر پر رہا۔

 

 

 

اس سال گوگل کی مقبول ترین سرچز میں موسمیاتی تبدیلی 5 ویں نمبر پر رہی جس سے احساس ہوتا ہے کہ اس سال تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے پاکستانی عوام میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے شعور میں اضافہ ہوا ہے۔ چھٹا نمبر احساس پروگرام کے نام رہا جبکہ سب زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات میں ارشد شریف 7 ویں، عامر لیاقت 8 ویں، ملکہ الزبتھ 9 ویں جبکہ نسیم شاہ 10 ویں نمبر پر رہے۔ گوگل کی جانب سے 2022 کے دوران سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی خبروں کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے۔ اس حوالے سے سرفہرست نام مرحوم عامر لیاقت کا ہے، ممکنہ طور پر ان کی اچانک موت یا اس سے قبل تیسری بیوی سے علیحدگی کی وجہ سے لوگوں نے ان کے بارے میں سرچ کیا ہوگا۔

 

 

دوسرے نمبر پر یوکرین، تیسرے پر عمران خان، چوتھے پر مری، 5 ویں پر فاطمہ طاہر، چھٹے پر ارشد شریف، 7 ویں پر پرویز مشرف، 8 ویں پر ملعون سلمان رشدی، 9 ویں پر اقرار الحسن جبکہ 10 ویں پر سری لنکا سے متعلق خبروں کو سرچ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں