نوجوان نے سر عام تشدد کے بعد منگیتر کو گلا گھونٹ کر مار دیا

قاہرہ (پی این آئی) مصر کے شہر پورٹ سعید میں ایک نوجوان نے اپنی منگیتر کو سرعام تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر مار ڈالا۔ اس حوالے سے ڈیجیٹل ویب سائٹ العربیہ نیٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پورٹ سعید میں ایک لڑکی خلود السید فاروق درویش کی نعش النصر ہسپتال لائی گئی۔ اسے اس کے منگیتر نے راہگیروں کے سامنے شاہراہ پر گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا تھا۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مشرقی پورٹ سعید کی اوجینا سٹریٹ پرعمارات الحدیدی کے علاقے میں پیش آیا۔ نوجوان نے راہگیروں کی موجودگی میں لڑکی کو پہلے مکے اور لاتیں ماریں اور پھر اپنے دونوں ہاتھوں سے گلا اس وقت تک دبائے رکھا جب تک کہ اس کا دم نہیں نکل گیا۔

لڑکی کی عمر 20 سال بتائی گئی ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق لڑکی کے سر پر تیز دھارآلے سے حملے اور گردن پر گلا گھونٹنے کے نشانات موجود ہیں۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close