کراچی سے بھاگنے والی لڑکی کی پنجاب میں پسند کی شادی، لڑکی کے والدین نے داماد کو قبول کر لیا، سب راضی خوشی

کراچی (پی این آئی) کراچی سے بھاگ کر پنجاب میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی نمرہ کاظمی کے والدین نے بیٹی کے شوہر شاہ رخ کو داماد کے طور پر قبول کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں نمرہ کاظمی کےاغوا مقدمہ کیس کی سماعت ہوئی، دورانِ سماعت وکیل نے کہا کہ نمرہ اور شاہ رخ کے اہلخانہ بہت جلد صلح نامہ جمع کروا دیں گے۔ شاہ رخ کے وکیل نے کہا کہ نمرہ اور شاہ رخ کے اہلخانہ کے درمیان رابطے ہورہے ہیں اور اُنہوں نے شاہ رخ کو اپنا داماد بھی قبول کرلیا ہے۔

نمرہ کی والدہ نے اپنی بیٹی کو اپنے پاس کراچی میں رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر شاہ رخ کی خالہ نے کہا کہ اُن کا بھانجا کراچی میں رہے گا اور اُنہیں نمرہ کے اہلخانہ کی تمام شرائط بھی قبول ہیں۔ دوسری جانب لنک عدالت نے کسی بھی کارروائی کے بغیر سماعت کو 2 جولائی تک ملتوی کردیا ہے۔ اس سے قبل جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے نمرہ کاظمی کو اپنی مرضی سے جانے کی اجازت دے دی تھی۔ اس حوالے سے عمر کے تعین کے لیے بھی نمرہ کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا گیا تھا جس میں اس کی عمر 17 سے 18 سال کے درمیان بتائی گئی تھی۔

کیس کی سماعت پر شاہ رخ اور نمرہ کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا، عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ نمرہ جہاں چاہے مرضی سے جاسکتی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ نمرہ کاظمی 17 اپریل کو گھر سے نکلی تھی اور 18 اپریل کو شاہ رخ سے نکاح کیا تھا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close