شہباز حکومت کا “کٹا بچاؤ” پروگرام اور “مرغی پال” اسکیم جاری رکھنے کا فیصلہ، نئے مالی سال میں کتنے کروڑ روپے رکھ دیئے گئے؟

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت میں سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے شروع کیے گئے کئی منصوبے جاری رکھنے پر تجاویز تیار کی جا رہی ہیں۔ بجٹ کی تیاری سے منسلک زمہ دار ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وزیراعظم کٹا بچاؤ پروگرام کے لیے 20 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے جبکہ رواں مالی سال وزیراعظم کٹا بچاؤ پروگرام کے لیے 18 کروڑ 88 لاکھ روپے رکھے گئے تھے۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نئے مالی سال میں کٹے کو موٹا کرنے کے پروگرام کے لیے 12 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ رواں مالی سال کٹے کو موٹا کرنے کے پروگرام کے لیے 12کروڑ 99 لاکھ روپے رکھے گئے تھے۔ وزیراعظم کے پسماندہ علاقوں میں مرغیاں پالنے کے پروگرام کے لیے نئے مالی سال میں 5 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے جبکہ رواں مالی سال بھی اس پروگرام کے لیے 5 کروڑ روپے ہی رکھے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق نئے مالی سال 2022-23 میں گنے کی پیداوار بڑھانے کے لیے13 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے جبکہ جاری مالی سال گنے کی پیداوار بڑھانے کے لیے 10 کروڑ 72لاکھ روپے مختص کیے جانے کی تجویز ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں